• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اجیت پوار کو بڑا جھٹکا، دو درجن سے زائد لیڈر شرد پوار کی پارٹی میں شامل

Updated: July 17, 2024, 11:23 PM IST | Pune

پونے کے پمپری چنچوڑ علاقے کے۲۰؍ سابق میونسپل کونسلرس اور متعددخواتین عہدیداروں کو شرد پوار نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی میں شامل کیا

Sharad Pawar with new party leaders outside his house in Pune. (PTI)
شرد پوار پونے میں اپنے مکان کے باہر نئے پارٹی لیڈروں کے ساتھ۔(پی ٹی آئی )

 این سی پی اجیت گروپ کے  صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ یہ جھٹکا انہیں ان کے محفوظ علاقے کہے جانے والے پونے کے پمپری چنچوڑ میں لگا ہے جہاں کے دو درجن سے زائد لیڈروں نے ان کا ساتھ چھوڑ کر شرد پوار کی این سی پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ اجیت پوار کا ساتھ چھوڑنے والے ان لیڈروں میں سابق شہر صدر اجیت گوہانے، کارگزار صدر راہل بھوسلے اور طلبہ ونگ کے لیڈر یش سانے کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ یہ چاروں ہی لیڈر اجیت پوار کے نہایت قریبی مانے جاتے رہے ہیں۔
  ان کے علاوہ اجیت پوارکا ساتھ چھوڑ کر شرد پوار کی این سی میں شامل ہونے والوں میں ۲۰؍ سابق میونسپل کونسلرس سمیت کئی خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں شرد پوار نے پونے میں واقع اپنی رہائش گاہ  پر خود پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر شرد پوار نے  انہیں پارٹی کا جھنڈا  اوردیگر علامتیں پیش کیں اور ان سے وفاداری کا حلف لیا۔  اس لحاظ  سے دیکھا جائے تو پمپری ۔چنچوڑ کی این سی پی کی پوری ٹیم شرد پوار کی پارٹی میں شامل ہو گئی ہے۔  ان لیڈروں کی این سی پی (شرد) میں شمولیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پمپری چنچوڑ میں ۲۰؍جولائی کوشرد پوار کی ایک بڑا جلسہ کرنے والے ہیں۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ پونے کے دیگر حصوں سے بھی  این سی پی کے مزید لیڈر اسی طرح شرد پوار کی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ان لیڈران کا اس طرح ساتھ چھوڑنا اجیت پوار کے  لئے بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے کیوں کہ یہ سبھی زمینی سطح کے اہم کارکنان ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK