حسین گنج کے قطب چھپرا موڑ پرنا معلوم حملہ آوروں نے اس وقت انہیں گولی ماردی جب وہ اپنی دکان میں بیٹھے تھے۔
EPAPER
Updated: December 25, 2023, 10:08 AM IST | Agency | New Delhi
حسین گنج کے قطب چھپرا موڑ پرنا معلوم حملہ آوروں نے اس وقت انہیں گولی ماردی جب وہ اپنی دکان میں بیٹھے تھے۔
بہار میں مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے لیڈر۴۰؍سالہ عارف جمال کو نا معلوم حملہ آورو ں نے گولی مار دی۔۲۳؍دسمبر کی دیر شام سیوان میں بدمعاشوں نے مجلس اتحادالمسلمین کے ضلع صدر عارف جمال کو گولی مار دی جس سے ان ان کی موت ہوگئی۔ یہ سنسنی خیز واقعہ حسین گنج تھانہ علاقہ کے قطب چھپرا موڑ پر پیش آیا ۔عارف جمال اپنی دکان پر بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران رات میں ساڑھے ۸؍ سے ۹؍ بجے کے درمیان ایک بائیک پر سوار تین نامعلوم بدمعاش پہنچے اور ان پر فائرنگ کر دی ۔ عارف جمال کی فاسٹ فوڈ کی دکان ہے۔ گولی مارنے کے بعد بدمعاش فرار ہو گئے۔ عارف کو زخمی حالت میں فوری طور پر ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔اس معاملے میں حسین گنج پولیس اسٹیشن چیف وجئے یادو نے بتایا کہ عارف جمال کو جرائم پیشہ افراد نے گولی ماری ہے ۔ انہوں نے واردات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ وہ (عارف جمال) اپنی دکان پر بیٹھے ہوئے تھے تبھی بائیک پر سوار حملہ آوروں نے ان پر گولی چلائی۔ گولی ان کے پیٹ میں لگی تھی۔ مقامی لوگ اور اہل خانہ انھیں لے کر اسپتال پہنچے جہاں ان کی موت کی اطلاع دی گئی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ عارف جمال کے پیٹ میں بدمعاشوں کی ایک ہی گولی لگی تھی، حالانکہ بدمعاشوں نے تین راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ واقعہ کے بعد زخمی عارف کو لے کر لوگ پہلے صدر اسپتال گئے تھے، پھر ایک پرائیویٹ اسپتال پہنچے جہاں انہیں مردہ قراردیا گیا۔ واقعہ کے بعد عارف جمال کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ ایم آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئےقاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔