Inquilab Logo

بہار: زیر مرمت پل کا ایک حصہ گرگیا، ۱۵؍ دن میں کُل ۷؍ پل گرچکے ہیں، کوئی جانی نقصان نہیں

Updated: July 03, 2024, 8:01 PM IST | Patna

بہار میں گزشتہ ۱۵؍ دنوں میں سات پل گر چکے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ سیوان ضلع کا ہے جہاں آج صبح ایک زیر مرمت پل کا ایک حصہ گر گیا۔ گزشتہ ۱۱؍ دنوں میں سیوان میں اس طر ح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ بہار حکومت نے پل گرنے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

A scene of a bridge collapse. Photo: INN
پل کے گرنے ایک منظر۔ تصویر : آئی این این

بہار میں پلوں کے گرنے کا سلسلہ جاری ہے اسی سلسلے کی ایک اور کڑی میں بدھ کے دن ایک زیر مرمت پل کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا۔ یہ پل سیوان ضلع میں گنداکی ندی پر قائم تھا، گزشتہ ۱۵ ؍ دنوں میں زمین بو س ہونے والا یہ ساتواں پل ہے۔یہ پل سیوان ضلع کے دیوریہ مضافات کو مہاراج گنج کے کئی علاقوں سے جوڑتا تھا، اب تک کسی بھی فرد کے بھی اس کی زد میں آنے کی خبر نہیں ہے ۔گزشتہ ۱۱؍ دنوں میں سیوان میں پل گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔علاقے کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ’’ آج صبح پل کا ایک حصہ گر گیا ابھی تک اس کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں، دیگر افسر جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔‘‘

یہ حادثہ صبح ۵؍ بجے پیش آیا، ابتدائی خبر کے مطابق یہ پل ۱۹۸۲-۸۳ء میں تعمیر کیا گیا تھا،کچھ دنوں سے پل کی مرمت کا کام چل رہا تھا۔گائوں والوں کا خیال ہے کہ موسلا دھار بارش کے سبب گنداکی ندی میں آئی باڑ نے پل کی بنیاد کو کمزور کر دیا تھا،گزشتہ ۱۱؍ دنوں میں ہونے والے اس دوسرے حادثہ نے بہار محکمہ تعمیرات کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے، اس سے قبل۲۲؍ جون کو بھی دیوریہ علاقے میں بھی ایک پل حصہ گر گیا تھا۔اس طرح کے یکساں واقعات مدھو بنی، اراریہ،مشرقی چمپارن، کشن گنج، ضلعوں میں بھی پیش آئے ہیں۔ان واقعات نے بہار کی حکومت کو ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تشکیل دینے پر مجبورکردیا جو ان واقعات کی اصل وجوہات کا پتہ لگائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK