پوراامتحان دوبارہ لینےکا مطالبہ کررہےامیدواروں،طلبہ تنظیموں اور مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے آج پھر احتجاج کا امکان، انتظامیہ مستعد، امتحان کےلئےبنائےگئے۲۷؍مراکز کےآس پاس دفعہ ۱۶۳؍ نافذ کی گئی،انتظامیہ کو امتحان میں رخنہ ڈالےجانےکا خدشہ۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 4:36 PM IST | Inquilab News Network | Patna
پوراامتحان دوبارہ لینےکا مطالبہ کررہےامیدواروں،طلبہ تنظیموں اور مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے آج پھر احتجاج کا امکان، انتظامیہ مستعد، امتحان کےلئےبنائےگئے۲۷؍مراکز کےآس پاس دفعہ ۱۶۳؍ نافذ کی گئی،انتظامیہ کو امتحان میں رخنہ ڈالےجانےکا خدشہ۔
پٹنہ (آئی این این): ۱۷؍ویں بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی)کا پی ٹی امتحان۱۳؍ دسمبر کو منعقدہواتھا۔ اس دوران یہاں کے باپو امتحان مرکز میں ہنگامہ ہواتھا۔ اس امتحان مرکز کا امتحان منسوخ کردیا گیا تھا۔ ان طلبہ کوپھر سے پی ٹی میں شامل ہونے کا موقع دیا گیاہے۔ اسی کے تحت آج یعنی سنیچر ، ۴؍جنوری کوامتحان ہوگا۔ یہ امتحان پٹنہ صدر سب ڈویژن میں۲۲؍مراکز،پٹنہ سٹی کے ۲؍ مراکز اور داناپورسب ڈویژن کے۳؍ مراکز میں منعقد ہوںگے۔
خیال رہے کہ ناراض امیدوار پورا امتحان از سرنو منعقدکرانےکا مطالبہ کررہے ہیں۔ان کے مطالبےکومختلف سیاسی پارٹیوں کی حمایت بھی مل رہی ہے۔اس کی وجہ سے۴؍جنوری کوہونے والے امتحان کے دورا ن رخنہ کا اندیشہ ہے۔ اس صورت حال سے نپٹنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے امتحان مراکز کے قریب۱۰۰؍میٹر کے دائرے میں امتناعی حکم (دفعہ۱۶۳) نافذ کردیا ہے اورامتحان مرکزکےاندر صرف امیدواروں اور امتحان سے متعلق افسران، ملازمین اور سیکورٹی فورس ہی کو جانےکی اجازت ہوگی۔ ایک شفٹ میں دوپہر ۱۲؍بجے سے دوبجے تک ہونے والے اس امتحان کےلیے تینوں سب ڈویژن کےایس ڈی او بالترتیب گوروکمار،ستیم سہائےاور دیوشکتی نےحکم امتناعی نافذ کرنےکا حکم جاری کیاہے۔یہ حکم امتحان مراکزکے۱۰۰؍ میٹر کے دائرے میں صبح ۸؍بجےسے شام ۵؍بجے تک مؤثر رہےگا۔
گردنی باغ میں احتجاج جاری رہے
پٹنہ میں اس وقت بھی ہزاروں امیدوارگردنی باغ میں گزشتہ تین ہفتے سے دھرنےپربیٹھے ہیں، وہیں گاندھی میدان میں جن سوراج پارٹی کے لیڈر پرشانت کشور کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ پورنیہ سے آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو کی کال پر پٹنہ سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں جمعہ کوٹرینیں روکنے اورسڑک جام کرنےکی خبر آئی ہے۔ پٹنہ میں بائیں بازو کی پارٹیوں اور مختلف طلبہ تنظیموں نے بھی جمعہ کومارچ کیا جسے ڈاک بنگلہ چوراہے کے قریب روک دیا گیا۔ اتوار کو ایسے ہی ایک مارچ میں لاٹھی چارج کیا کیا گیاتھا ۔
انتظامیہ چوکس، موبائل فون پر بھی پابندی
ضلع انتظامیہ نےکہاہےکہ سنیچر کو دوپہر ۱۲؍ بجےسے۲؍بجے کے درمیان ہونےوالےاس امتحان کے لئے بنائے گئے۲۷؍امتحان مراکز پر امیدواروں کو صبح ۳۰:۹؍بجےسے داخلےکی اجازت دی جائے گی۔ امتحان مراکز کا دروازہ ۱۱؍ بجے بندہوجائےگا۔اس کے بعد کسی کو داخلےکی اجازت نہیں ملےگی۔امتحان مراکز میں کسی کو فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔