رشتے اور رشتوں کے جذبات بہت معنی رکھتے ہیں اور یہ جذبات اور بھی گہرے ہوجاتے ہیں جب یہ کسی پیشے سے بھی منسلک ہوجائیں۔
EPAPER
Updated: January 03, 2025, 1:07 PM IST | Agency | Bikaner
رشتے اور رشتوں کے جذبات بہت معنی رکھتے ہیں اور یہ جذبات اور بھی گہرے ہوجاتے ہیں جب یہ کسی پیشے سے بھی منسلک ہوجائیں۔
رشتے اور رشتوں کے جذبات بہت معنی رکھتے ہیں اور یہ جذبات اور بھی گہرے ہوجاتے ہیں جب یہ کسی پیشے سے بھی منسلک ہوجائیں۔ یہاں ایک سرکاری اسکول میں ایسا ہی معاملہ دیکھنے میں آیاہےجہاں ۳۹؍ سال کی نوکری کے بعد سبکدوش ہونے والے ٹیچر کے ریٹائرمنٹ آرڈر پران کے بیٹےنے دستخط کئے جو اس اسکول کا پرنسپل ہے۔ یہ کہانی راجستھان کے بیکانیر ضلع کی ہے۔ اس دوران دونوں باپ بیٹے کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئیں۔ یہ معاملہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول بندھرا، نوکھا کا ہے جہاں جوگارام جاٹ ۲۰۱۶ء سے تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس اسکول میں جہاں جوگام رام کے بیٹے شیام سندر پرنسپل ہیں، انہوں نے ۸؍ سال کام کیا جبکہ بطورٹیچر وہ دیگر اسکولوں میں ۳۹؍ سال سے کام کررہے ہیں۔ منگل کوان کی سبکدوشی کادن تھا۔ جوگارام جاٹ کی ریٹائرمنٹ یادگار بن گئی کیونکہ ان کے ریٹائرمنٹ آرڈر پر ان کے بیٹے شیام سندر چودھری نے دستخط کئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جوگارام جاٹ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ۱۲؍ اکتو بر۱۹۸۵ءکو ٹیچر بنے تھے۔ ان کے بقول’’ یہ میرے لیے بہت فخر کا دن ہے۔ میں آج اپنی سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو گیا۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ میرے بیٹے نے میرے ریٹائرمنٹ آرڈر پر دستخط کر دیئے۔ ‘‘ دوسری جانب اسکول کے پرنسپل اور جوگارام جاٹ کے بیٹے شیام سندر نے کہا ’’ والد کے ریٹائرمنٹ آرڈر پر دستخط کرنا میرے لئے ایک جذباتی لمحہ تھا۔ ‘‘دونوں باپ بیٹے بندھرا کے اسکول میں ۸؍سال سے برسرملازمت ہیں۔
شیام سندر چودھری کو بیسٹ ٹیچر کا اعزاز مل چکا ہے
شیام سندر نے بتایا کہ وہ۱۳؍ اکتوبر۲۰۱۱ء کوٹیچر بنے تھے۔ اس کے بعد وہ ۲۰؍جولائی ۲۰۱۵ء کو کیمسٹری کے اسکول لیکچرار بنے۔ ۲۸؍فروری ۲۰۲۳ء کو وائس پرنسپل بنے۔ اس کے بعد وہ یکم اکتوبر۲۰۱۳ء سے کارگزارپرنسپل کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ شیام سندر چودھری کو اسکول میں کئے گئے کاموں کیلئے۲۰۲۲ء میں ریاستی سطح کے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
ریٹائرمنٹ پرملنے والی رقم عطیہ کردی
ریٹائرمنٹ پر جوگا رام جاٹ نے بندھرا کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کو۳۱؍ ہزار روپے، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کیڑلی کو۱۱؍ ہزار روپے اور گورنمنٹ پرائمری اسکول کیڑلی کو۵۱۰۰؍روپے کا عطیہ دیا۔ باپ بیٹے کی اس کامیاب جوڑی کو دیکھ کر اسکول میں کام کرنے والے دوسرے گاؤں والے بھی بہت خوش ہوئے۔ جوگام رام جاٹ کیڑلی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔