سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ آئین ہی ہے جو ہماری طاقت اور ہماری ڈھال ہے،اسلئے ہم سب کو مل کر بی جے پی سے اسے بچانا ہوگا
EPAPER
Updated: April 15, 2025, 10:33 PM IST | Azamgarh
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ آئین ہی ہے جو ہماری طاقت اور ہماری ڈھال ہے،اسلئے ہم سب کو مل کر بی جے پی سے اسے بچانا ہوگا
سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو بی جے پی پرالزام لگایا کہ اس کی حکومتیں آئین کے مطابق کام نہیںکررہی ہیں بلکہ ہر جگہ وہ جمہوریت کو کمزور ہی کررہی ہیں۔
سماجوادی سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’بابا صاحب نے ملک کو جو آئین دیا ہے، اس سے بڑھ کر ہمارے لئے احترام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ آئین نے طاقت دی ہے۔ آئین ہم سب کی ڈھال ہے۔ آئین نے سبھی کو احترام دیا ہے۔ اب سب کی ذمہ داری ہے کہ اس آئین کو بچانے کیلئے لگاتار کام کرتے رہیں۔ کچھ لوگ بابا صاحب کے آئین کو ٹھیس پہنچانے کا کام کررہے ہیں۔ لوک سبھا الیکشن میں عوام نے بی جےپی کو جمہوریت کی طاقت کا احساس کرادیا ہے۔ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ بی جے پی کے اتنے بڑے بڑے لوگ الیکشن ہار جائیں گے۔‘‘انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پی ڈی اے کو کمزور کرنے کیلئے اس کے ریزرویشن کو چھینا۔ اس کی وجہ سے عوام نے بی جے پی کو لوک سبھا میں شرمناک شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی نے سماج وادی پارٹی کو لوک سبھا الیکشن میں جتانے کا کام کیا ہے۔ جب ملک کے سامنے مشکل حالات تھے اور جمہوریت کے ساتھ ہی ملک کے آئین کو بچانے کا چیلنج تھا، تب اترپردیش کے عوام نے سماج وادیوں کا ساتھ دیا۔ پی ڈی اے خاندان نے اتحاد کی طاقت دکھائی۔ ہم سماج وادی لوگ عزم لے کر جمہوریت اور آئین بچانے کی لڑائی کو آگے بڑھائیں گے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ ابھی ایک دن قبل ہی ہم سبھی نے بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی منائی ہے اور ہم نے عزم کیا ہے کہ بابا صاحب کے بتائے راستے پر چلیں گے اور جو رسوخ دار اور طاقت ور لوگ ہیں اور جو تفریق پیدا کرتے ہوئے توہین کرتے ہیں، ان سے لڑتے رہیں گے اور سماجی انصاف کا راج قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سماج وادیوں کو کسی سے دو دو ہاتھ نہیں کرنا ہے۔ ہمیں آئین اور قانون کا سہارا لینا ہے۔ سماج وادی حکومت آنے پر نظم ونسق کا راج ہوگا۔ سماجی انصاف ہوگا تو آج جو لوگ نظم ونسق توڑ رہے ہیں انہیں یہی پولیس والے قانون کے مطابق سزا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ جمہوری طریقے سے اپنے حق کا استعمال کریں ان طاقتوں سے اقتدار چھین کر پی ڈی اے کے ہاتھوں میں سونپیں۔
ایس پی صدر نے کہا کہ اعظم گڑھ سے سماج وادیوں کا بے حد لگاؤ ہے۔ سیاسی حالات خواہ کیسے بھی رہے ہوں لیکن اعظم گڑھ نے ہمیشہ سماج وادیوں کا ساتھ دیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی اور ریاستی صدرابو عاصم اعظمی، رکن پارلیمان دھرمیندر یادو سمیت کئی ایم یل ایز ا ور پارٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اکھلیش یادو نے منگل کو لکھنؤ میں پارٹی آفس میں بھی میڈیا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رانا سانگا سے متعلق سماجوادی رکن پارلیمان رام جی لال سمن کے بیان کے حوالے سے کرنی سینا کے پرتشدد تیور کا ذکر کئے بغیر انہوں نے کہا کہ جو تاریخ آگے بڑھنے سے روکتی ہو، سماجی ہم آہنگی، یکتا اور بھائی چارے میں روکاوٹ ہو، اسے تاریخ ہی رہنے دینا چاہئے۔کرنی سینا کے ذریعہ دی جارہی دھمکیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ’’ یہ سب بی جے پی کے لوگ ہیں۔ جس دن مرکزی حکومت نے ہماری این ایس جی کی سیکوریٹی واپس لی تھی، اسی دن ہمیں اس کی نیت کا پتہ چل گیا تھا۔ جو لوگ خود این ایس جی سیکوریٹی رکھے ہوئے ہیں، وہ ڈرپوک ہیں۔ وہ بھی اپنی این ایس جی سیکوریٹی واپس کریں۔ ہم لوگ ڈرنے والے نہیں ہیں۔‘‘
رانا سانگا کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ’’ ہم راجاؤں کے خلاف نہیں ہیں۔ راجاؤں کی کوئی ذات نہیں ہوتی۔ راجا صرف راجا ہوتا تھا۔ تاریخ میں سبھی راجاؤں نے اپنے وقت کے حالات کے حساب سے فیصلہ کیا ہے۔ میں نے کئی مواقع پر یہ بات کہی ہے کہ جو تاریخ آگے بڑھنے سے روکتی ہو۔ سماجی ہم آہنگی،یکتا اور بھائی چارے میں روکاوت ہو، اسے تاریخ ہی رہنے دینا چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جےپی سماج میں نفرت پھیلارہی ہے اور زہر گھول رہی ہے۔ بی جےپی کسانوں کے مسائل، نوکری، روزگار، مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل سے دھیان ہٹانے کو نئے نئے معاملات اچھالتی ہے۔