پارٹی کارکنان نے ’بس دو دن اور‘ لکھے ہوئے پلے کارڈ دکھائے اور نعرے بازی کی، بی جےپی حکومت نے ۸؍ مارچ تک خواتین کو یہ رقم دینے کا وعدہ کیاتھا۔
EPAPER
Updated: March 07, 2025, 10:54 AM IST | Agency | New Delhi
پارٹی کارکنان نے ’بس دو دن اور‘ لکھے ہوئے پلے کارڈ دکھائے اور نعرے بازی کی، بی جےپی حکومت نے ۸؍ مارچ تک خواتین کو یہ رقم دینے کا وعدہ کیاتھا۔
عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی میں خواتین کو۲۵۰۰؍ روپے دینے کے بی جے پی کے وعدے پر سوال اٹھاتے ہوئے راجدھانی کے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’گارنٹی‘ کے مطابق خواتین کے بینک کھاتوں میں رقم کب آئے گی۔مظاہروں کے دوران عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے ’بس دو دن اور‘ لکھے ہوئے پلے کارڈ د کھائے اور نعرے بازی کی۔ سابق ایم ایل اے ریتوراج جھا کی قیادت میں کارکنان نے سڑکوں پر عوام کو بی جے پی کے انتخابی وعدے کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ۸؍مارچ آنے میں صرف ۲؍ دن باقی ہیں تو خواتین کے اکاؤنٹس میں۲۵۰۰؍ روپے کب منتقل کئے جائیں گے ؟ عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی اور وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا تھا کہ اگر دہلی میں ان کی حکومت بنتی ہے تو کابینہ کی پہلی میٹنگ میں خواتین کیلئے ۲۵۰۰؍ روپے ماہانہ دینے کی اسکیم منظور کی جائے گی اور۸؍ مارچ تک پہلی قسط ان کے بینک کھاتوں میں پہنچ جائے گی۔
عام آدمی پارٹی کے مطابق، وزیر اعظم نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ خواتین اپنے آدھار کارڈز کو بینک کھاتوں سے لنک کر لیں تاکہ انہیں رقم کی آمد کی اطلاع بروقت مل سکے۔ لیکن بی جے پی کی حکومت بننے کے باوجود، اب تک اس اسکیم پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ۔گزشتہ تین دنوں سے عام آدمی پارٹی مسلسل سڑکوں پر مظاہرے کر رہی ہے۔ منگل کو سابق وزیر اعلیٰ آتشی کی قیادت میں کارکنان نے منڈی ہاؤس میں احتجاج کیا تھا جب کہ بدھ کو آئی ٹی او اور دہلی کے کئی دیگر علاقوں میں بی جے پی سے سوال کیا گیا یہ رقم کب دی جائیگی ؟