دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال کاالزام، جھوپڑپٹی علاقے شکوربستی کے دورہ پرکیجریوال نے کہا ’’ بی جے پی چاہتی ہے کہ الیکشن سے پہلے آپ کاووٹ لے اور الیکشن کے بعد آپ کی زمین پر قبضہ کرلے، بی جےپی جھوپڑپٹی والوں کو کیڑا مکوڑا سمجھتی ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: January 13, 2025, 2:26 PM IST | Agency | New Delhi
دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال کاالزام، جھوپڑپٹی علاقے شکوربستی کے دورہ پرکیجریوال نے کہا ’’ بی جے پی چاہتی ہے کہ الیکشن سے پہلے آپ کاووٹ لے اور الیکشن کے بعد آپ کی زمین پر قبضہ کرلے، بی جےپی جھوپڑپٹی والوں کو کیڑا مکوڑا سمجھتی ہے۔‘‘
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ گزشتہ۱۰؍ سال میں بی جے پی نے کئی جھگیوں کو توڑا اور تین لاکھ سے زیادہ لوگوں کو بے گھر کر دیا۔ آئندہ پانچ سال میں بی جے پی دہلی کی جھوپڑپٹیوں کو منہدم کرکےوہاں رہنے والوں بےگھر کردےگی۔ بی جے پی کی ’ جہاں جھگی وہاں مکان ‘ اسکیم پرتنقید کرتے ہوئے کیجریوال نے کہاکہ بی جے پی چاہتی ہے کہ الیکشن سے پہلے آپ ووٹ لے اور الیکشن کے بعد آپ کی زمین پر قبضہ کرلے۔ کیجریوال نے اتوار کو یہاں شکور بستی میں ریلوے سلم کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے دہلی اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں، بی جے پی کی کچی آبادیوں سے محبت بڑھتی جارہی ہے۔ بی جے پی لیڈرجھگیوں میں جاکر سو رہے ہیں۔ اس سے پہلے پانچ دس سال تک نہیں سوئے۔ پچھلے مہینے بھرسے بی جے پی لیڈر جھگیوں میں جاکر سو رہے ہیں۔ ان کو کچی آبادی والوں سے محبت نہیں ہے۔ بی جے پی تو امیروں کی پارٹی ہے۔ ان کا کچی آبادیوں سے کیا تعلق؟ یہ لوگ تو کچی آبادیوں کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں۔ ان کو انتخابات میں جھگی والوں کے ووٹ چاہئے اور انتخابات کے بعد جھگی والوں کی زمین۔
انہوں نے کہا کہ سنیچر کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی کے کئی علاقوں سے جھگی والوں کو بلایا تھا۔ وہاں امیت شاہ نے مجھے چن چن کر گالیاں دیں۔ امیت شاہ ملک کے وزیر داخلہ ہیں اور وزیر داخلہ کا عہدہ ایک وقار رکھتا ہے۔ وزیر داخلہ کے استعمال کردہ الفاظ حدود کے اندر ہونے چاہئیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ سے ہماری کوئی دشمنی نہیں ہے، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں۔ میں سیاست میں اپنی عزت و تکریم کے لیے نہیں آیا بلکہ عوام اور ملک کی عزت واحترام کے لیے آیا ہوں۔ اے اے پی /آپ لیڈر نے کہا کہ امیت شاہ کا کہنا ہے وہ جہاں جھگی وہاں مکان دیں گے۔ ہم بھی مانتے ہیں کہ جہاں جھگی وہاں مکان ہونا چاہیے لیکن یہاں بی جے پی والے یہ نہیں بتا رہے ہیں کہ کس کا مکان؟ جہاں جھگی وہاں ان کے دوست کا مکان، جہاں جھگی وہاں بلڈروں کے مکان۔ یہ لوگ جہاں جھگی وہاں جھگی والوں کے مکان نہیں کہہ رہے ہیں، بلکہ یہ کہہ رہے ہیں کہ جہاں جھگی وہاں ان کے دوست کا مکان۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ ان کا ایک ہی دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کو اقتدار میں آئے۱۱؍ سال ہوچکے ہیں۔ ان۱۱؍ برسوں میں انہوں نے کچی آبادیوں کیلئے صرف ۴۷۰۰؍گھر بنائے ہیں۔ ان میں سے تین ہزار مکانات کالکاجی میں اور۱۷۰۰؍ مکان اشوک ویہار میں بنائے ہیں۔ دہلی میں چار لاکھ جھگیاں ہیں۔ اگر انہوں نے۱۰؍ سال میں صرف۴۷۰۰؍ گھر بنا ئے ہیں تو دہلی کے ہر جھگی والے کے مکان دینے میں ایک ہزار سال لگیں گے۔ ان کو کل ۴؍ لاکھ مکان بنانے ہیں ۔ ان لوگوں نے مکمل پلاننگ کر رکھی ہے۔ اگلے پانچ سال میں یہ لوگ دہلی کی ایک ایک جھگی کو توڑ کر ان کی زمینوں پرقبضہ کرلیں گے۔
کیجریوال نے امیت شاہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ۱۰؍ برسوں میں آپ نے جتنے جھگی والوں کو بے گھر کیا ہے۔ وہ سارے معاملے عدالت میں ہیں، ان تمام معاملات کو آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں واپس لیں۔ دہلی میں جھگی والوں کے خلاف آپ نے کیس کر رکھے ہیں، انہیں واپس لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ نے جن جن لوگوں کو اجاڑا تھا، ان سب کو واپس اسی زمین پر لاکر بسا دیں تو وہ ( کیجریوال) الیکشن نہیں لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک عام آدمی ہوں۔ میں ان ہی لوگوں کی وجہ سے سیاست میں آیا ہوں۔ اگر میری وجہ سے ان لوگوں کی جانیں اور گھر بچ جاتے ہیں تو میرا الیکشن سے کیا لینا دینا ہے۔ آپ ان کے لیے گھر بنا کر دکھا دیں، میں الیکشن نہیں لڑوں گا۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو میں الیکشن لڑوں گا اور ان کے لیے ڈھال بن کر کھڑا رہوں گا۔ میں دیکھتا ہوں کہ بی جے پی والے ان کی جھگیاں کیسے توڑتے ہیں۔
آپ پر فرضی ووٹر کارڈ بنانے کا اسمرتی ایرانی کا الزام
دہلی انتخابات سے ٹھیک پہلے بی جے پی نے عام آدمی پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ آپ کے ایم ایل اے دہلی میں غیر قانونی طور پر رہنے والے بنگلہ دیشیوں کے ووٹر کارڈ اور آدھار کارڈ بنانے میں مدد کر رہے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے بھی اس معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا دہلی کے کیجریوال نہیں چاہتے کہ اس معاملے میں سچائی سامنے آئے۔ سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے سنگم وہار میں دہلی پولیس کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں بنگلہ دیشیوں کی غیر قانونی دراندازی تشویشناک ہے۔ دہلی پولیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عام آدمی پارٹی کے ۲؍ ایم ایل ایز دہلی میں غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشیوں کو ان کے ووٹر کارڈ اور شناختی کارڈ بنوانے میں مدد کر رہے ہیں۔