دھاراوی میں جیوتی گائیکواڑ کی ریلی میں عمران پرتاپ گڑھی کی شرکت، ووٹ کو تقسیم اور برباد کرنےوالوںسے ہوشیار رہنے کی تلقین کی
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 11:42 PM IST | Mumbai
دھاراوی میں جیوتی گائیکواڑ کی ریلی میں عمران پرتاپ گڑھی کی شرکت، ووٹ کو تقسیم اور برباد کرنےوالوںسے ہوشیار رہنے کی تلقین کی
راجیہ سبھا کے ممبر عمران پرتاپ گڑھی نے جمعہ کی شام دھاراوی میں کانگریس کی امیدوار ڈاکٹر جیوتی گائیکواڑ کیلئے انتخابی مہم میں شرکت کرکے بی جےپی کو اقتدار سے بے دخل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے جیوتی گائیکواڑ کے حق میں ووٹنگ کی اپیل کرتے ہوئے بی جےپی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام کومتنبہ کیاکہ وہ ووٹ تقسیم اور برباد کرنے والوں سے ہوشیار رہتے ہوئے مہا وکاس اگھاڑی کی امیدوار کو ووٹ دیں۔
واضح رہے کہ جیوتی کائیکواڑ جو ممبئی کانگریس کی صدر ورشاگائیکواڑ کی بہن ہیں، کی دھاراوی میں پوزیشن کافی مضبوط سمجھی جارہی ہے۔ دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کے نام پر اس علاقے کو اڈانی کے حوالے کردینے کے فیصلے کی وجہ سے زعفرانی اتحاد کو یہاں عوام کی شدید ناراضگی کا سامنا ہے۔اپنی تقریر میں عمران پرتاپ گڑھی نے بھی دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کا خصوصی طورپر ذکر کیا اور کہا کہ دہلی اور مہاراشٹر کی سرکار کی بُری نظر دھاراوی پر ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ دھاراوی ایک صنعتکار کے ہاتھ کی کٹھ پتلی بن کررہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھاراوی پر بُری نظر ڈالنے کی وجہ یہ ہے کہ یہاں غریب لوگ رہتے ہیں جو روزی روٹی کی تلاش میں یہاں آگئے اور چھوٹا سا آشیانہ بنالیا جسے یہ لوگ چھیننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھاراوی کے لوگ غریب ضرور ہیں لیکن نہ انہیں خریدا جاسکتا ہے نہ ڈرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ عوام کسی کے جھانسے میں نہ آئیں کیونکہ بی جے پی کا حربہ رہا ہے کہ جب بھی وہ سیدھی لڑائی میں نہیں جیت پاتی تو اپنے چھپے ہوئے دوستوں کو لاکر مختلف نشانیوں سے الیکشن میں کھڑے کردیتے ہیں تاکہ ووٹ تقسیم ہوں اور اُن کا امیدوار مل جائے۔
جیوتی گائیکواڑ نے بھی اپنی تقریر میں دھاراوی کو اڈانی کو سونپے جانے کی مخالفت کی اوراس کے خلاف پوری شدت سے آواز اٹھانے کا وعدہ کیا۔