• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جے پی کا مہاراشٹر میں تبدیلی ٔ مذہب کیخلاف سخت قانون کا وعدہ

Updated: November 11, 2024, 11:04 AM IST | Mumbai

زعفرانی پارٹی کے’’ سنکلپ پتر‘‘ میں   ۲۵؍ اعلانات، منشور کے اجراء کے ساتھ ہی امیت شاہ نے ہندو-مسلم کارڈ بھی کھیلا، الزام لگایا کہ کانگریس مسلمانوں کو ریزویشن دے دیگی۔

Amit Shah launching BJP`s `Sankalp Patra` in Mumbai. Image: INN.
امیت شاہ ممبئی میں  بی جے پی کے ’سنکلپ پتر‘ کا اجراء کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

مہاراشٹر میں  اقتدار میں  واپسی کی متمنی بی جےپی نے اتوار کو’سنکلپ پتر‘ کے نام سے جاری کئے گئے اپنے انتخابی منشور میں ریاست میں  سخت ترین تبدیلی ٔ مذہب قانون کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی منشور کے اجراء کے بعد امیت شاہ نے ہندو-مسلم کی سیاست کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اگر کانگریس اقتدار میں  آگئی تو وہ مسلمانوں  کو ۱۰؍ فیصد ریزرویشن دے گی۔ زعفرانی پارٹی اس کے ذریعہ نہ صرف اکثریتی فرقے کے ووٹروں   کے دل میں  مسلم ریزرویشن کا ہو ّا کھڑا کرکے انہیں  اپنے حق میں  ہموار کرنا چاہتی ہے بلکہ اس کے ذریعہ وہ کانگریس کیلئے دہری مشکل کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ ایک طرف بی جےپی کے اس پروپیگنڈہ سے جہاں اکثریتی ووٹرا س سے نالاں   ہوں گے وہیں  ریزرویشن نہ دینے کے اعلان پر اقلیتی ووٹر بھی اس سے ناراض ہوسکتے ہیں۔ 
غریبوں کیلئے اسکیمیں 
بی جےپی کے سینئر لیڈر اور ملک کےوزیر داخلہ امیت شاہ نے سابق وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور دیگر سینئرلیڈروں  کی موجودگی میں  اتوار کو پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا۔ ’سنکلپ پتر۲۰۲۴‘ کے نام سے جاری کئے گئے منشور میں   جہاں  لاڈلی بہن یوجنا کے تحت زر تعاون ۱۵؍ سو روپے ماہانہ سے بڑھا کر ۲۱؍ سو روپے کرنے کا وعدہ کیاگیاہے وہیں  ۲۵؍ لاکھ ملازمتوں   کا بھی وعدہ کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ بی جےپی نے اکشے انّ یوجنا کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں  کو راشن کی دکانوں  سے مفت اناج فراہم کرنے کااعلان کیا ہے۔ 
نوجوانوں کو لُبھانےکیلئے اعلانات
بیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے میں ناکام بی جےپی نے سنکلپ پتر میں وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ ریاست میں   پھربرسرا قتدار آتی ہے تو ۱۰؍ لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ ۱۰؍ ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں  ہنرمندوں  کی مردم شماری کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ بی جےپی نے ریاست میں  ۲۵؍ لاکھ نئی ملازمتیں  فراہم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست کو جدید ترین مصنوعی ذہانت اور روبوٹک ’’ایڈوانس روبوٹک اینڈ آرٹیفیشیل انٹیلی جنس کا مرکز بنانے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ 
۱۰؍ لاکھ بزنس لیڈر پیدا کرنے کی لالچ
زعفرانی پارٹی نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے ’چھتر پتی شیواجی مہاراج اکانکشا سینٹر‘ کے ذریعہ ہر ضلع میں   ۱۰؍ لاکھ نئے کاروباری قائد (بزنس لیڈر) پیدا کرنے کا خواب دکھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ۲۰۲۷ء تک ۵۰؍ لاکھ’’لکھ پتی دیدی‘‘کا بھی نعرہ دیا ہے۔ اس کیلئے ۵۰۰؍ سیلف ہیلپ گروپ (اپنی مدد آپ کے اصول پر کام کرنے والے گروپس) کے ۵۰۰؍ گروپ بنائے جائیں گے اور ابتدائی طورپر انہیں مجموعی طور پر ایک ہزار کروڑ روپے کا سرمایہ فراہم کیا جائےگا۔ 
تبدیلی ٔ مذہب کے خلاف سخت قانون
انتخابی منشور میں  فرقہ وارانہ رنگ ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے زعفرانی پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ مہاراشٹر میں  اقتدار میں واپس آتی ہے تو ’’جبری ‘‘ تبدیلی ٔ مذہب کوروکنے کیلئے سخت ترین قانون بنائے گی۔ واضح رہے کہ ’’جبری تبدیلی ٔمذہب‘‘ کو روکنے کے نام پر بی جےپی کے اقتدار والی دوسری ریاستوں  میں  جو قوانین بنے ہیں  وہ نہ صرف تبدیلی ٔ مذہب کی راہ مشکل کردیتے ہیں بلکہ الزام ہے کہ ان کے ذریعہ ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنایا جاتاہے۔ بی جےپی نے ’’لوجہاد‘‘ کا مفروضہ گھڑ رکھا ہے، تبدیلی ٔمذہب قانون کو اس سے جوڑ کر دیکھا جاتاہے۔ 
ریزرویشن کیخلاف فرقہ وارانہ کارڈ 
بی جےپی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے امیت شاہ نے الزام لگایا کہ کانگریس مسلمانوں  کو ۱۰؍ فیصد ریزرویشن دینے کا ارادہ رکھتی ہےاو راس کیلئے وہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کا کوٹہ کم کردےگی۔ انہوں  نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ دیتے وقت اس سلسلے میں  الرٹ رہیں۔ امیت شاہ کے مطابق ’’وفد نے مسلمانوں کے مطالبات پر ایک میمورنڈم کانگریس کے ریاستی صدر کو دیا ہے۔ ان میں  ریزرویشن کا مطالبہ شامل ہے جس پر ناناپٹولے نے حامی بھرلی ہے۔ ‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس علماء بورڈ نامی غیر معروف تنظیم کے اس مطالبے پر کانگریس نے کوئی جواب نہیں  دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK