دیویندر فرنویس کی موجودگی میںنیلیش رانے اور رویندر چوہان کےد رمیان صلح صفائی۔سابق رکن پارلیمنٹ کامیڈیا سے بات چیت سے انکار
EPAPER
Updated: October 26, 2023, 9:33 AM IST | siraj shaikh | Mumbai
دیویندر فرنویس کی موجودگی میںنیلیش رانے اور رویندر چوہان کےد رمیان صلح صفائی۔سابق رکن پارلیمنٹ کامیڈیا سے بات چیت سے انکار
بی جے پی، نیلیش رانے کو منانے میں کامیاب ہوگئی جس کے نتیجے میں انہوں نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ۔ یادرہےکہ منگل کو اہم لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ نیلیش رانے نے اچانک سرگرم سیاست کوالوداع کہنے کا اعلان کردیاتھا ۔ نیلیش رانے کے اس ا قدام کے بعد کہا جا رہا تھا کہ سندھودرگ ضلع کے نگراں وزیر رویندر چوہان اور رانے خاندان کے درمیان اختلافات عروج پر پہنچ گئےہیں، اسی وجہ سے انہوں نے سیاست چھوڑنے کافیصلہ کیا تھا۔ اسی کے پیش نظر رویندر چوہان نے بدھ کی صبح نیلیش رانے سے ملاقات کی۔ اس کے بعد دونوں لیڈر نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملنے ساگر بنگلہ پہنچےجہاں ۲؍گھنٹے کی ملاقات میں نیلیش رانے کی ناراضگی کی وجہ بھی سامنے آ گئی ۔ ملاقات کے بعد وزیر رویندر چوہان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیلیش رانے کے ٹویٹ کے بعد ہم نے مرکزی وزیر نارائن رانے سے بات چیت کی اورپھر نائب وزیر اعلیٰ فرنویس سے اس معاملے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد گلے شکوے د ور ہوگئے۔ دراصل نیلیش رانے نے چھوٹے کارکنوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خاتمے کیلئے یہ اقدام کیا تھا۔ نیلیش رانے نے مطالبہ کیا تھا کہ لیڈروں کو یہ جاننا چاہئے کہ چھوٹے کارکنوں کو کام کرتے وقت کیا مشکلات پیش آتی ہیں؟ ان تمام معاملات میں ہم سب کو بہت سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ نیلیش رانے کی ناراضگی جائز تھی۔ رویندر چوہان نے یہ بھی کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ مقامی کارکنوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دوسری جانب اس پرنیلیش رانے نے میڈیا کے سوالوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کر دیا۔