Inquilab Logo

یوپی میں بی جےپی اندیشوں کی شکار، انتخابی حکمت عملی تبدیل

Updated: January 22, 2022, 11:05 AM IST | Jeelani Khan Aleg | Lucknow

انتخابی مہم میں  یوگی کو حاصل مرکزی حیثیت بدل دی گئی۔ ’کام دَم دار،یوگی سرکار‘ نعرہ ترک ، اب’سوچ ایماندار، کام دَم دار، پھر ایک بار بی جے پی سرکار‘ کانعرہ تیار کیاگیا

Yogi going to the press conference where new party slogans for UP elections are written.Picture:PTI
یوگی پریس کانفرنس کیلئےجاتے ہوئے جہاں یوپی الیکشن کیلئے پارٹی کے نئےنعرے لکھے ہوئے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

داخلی انتشار اور لیڈروں کے پارٹی چھوڑنے سے پریشان بی جے پی نے اب انتخابی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نے اپنے انتخابی نعرے بھی تبدیل کردیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اورا ن کی سرکارپر فوکس کی بجائے پارٹی کو انتخا بی مہم میں زیادہ ترجیح دینے اور دوسری پارٹیوں سے آنے والے لیڈروں کے مقابلےپارٹی کارکنان و عہدیداران کو زیادہ ٹکٹ دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔پارٹی نے  جمعہ کو اپنا نیا نعرہ بھی جاری کیا ، جس میں ’یوپی پھرمانگے بی جے پی سرکار‘کو مرکزی نعرہ بنایا گیا ہے جبکہ پہلے ’یوگی سرکار، کام دم دار‘ کو کلیدی نعرہ کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
 بغاوتوں سے زعفرانی پارٹی فکرمند
 اقتدار بچانے کی جدو جہد میں مصروف بی جے پی نے انتخابی حکمت تبدیل کرتے ہوئے ’باہری لیڈروں‘ کی بجائے اپنے پارٹی کارکنان  ور عہدیداران کو زیادہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی نے حالیہ بغاوت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے، جس میں تین اہم وزرا سمیت ایک درجن سے زائد لیڈران نے بی جے پی کو الوداع کہہ دیا اور مخالف جماعت بالخصوص سماجوادی پارٹی میں شامل ہوکر اب زعفرانی پارٹی کو شکست سے دوچار کرنے کے عزائم کااظہار کررہےہیں۔
  اپنے کارکنان اور لیڈروں کو ترجیح
 پارٹی کا ماننا ہے کہ دوسری جماعتوں سے آئے لیڈران پر اب بھروسہ نہیں کیا جاسکتا اس لئے بہتر ہے کہ اپنے کارکنان کو ان کی محنت کا صلہ دیا جائے۔بی جے پی نے آج اپنا نیا انتخابی نعرہ بھی جاری کیا ہے۔وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، ریاستی بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ سمیت دیگر اہم لیڈروں کی موجودگی میں یہ نعرہ جاری کیا گیا جس میں ’یوپی پھر مانگے بی جے پی سرکار‘کو کلیدی نعرہ بنایا گیا ہے جبکہ ’سوچ ایماندار ، کام دم دار‘ کو بطور ٹیگ نعرہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ بیک گرائونڈ میں چلے گا۔
سوشل میڈیا پر بھی نیا نعرہ
 بعد ازاں، پارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی ایک نعرہ پوسٹ کیا جوا س طرح ہے:’پریاگ راج سے متھرا کاشی تک،لکھنؤ سےجھانسی تک، ایودھیا سے بٹھور تک،شہر گائوں سب دور دور تک‘،’غازی پور سے غازی آباد سے،یوپی بھر میں شنکھناد سے،سنائی پڑتی ہے یہی ہونکار،یوپی پھر مانگے بھاجپ سرکار‘۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پانچ سال قبل بی جے پی نے اپنے’سنکلپ  پتر‘ میں جو بھی وعدے کئے تھے وہ تمام پورے کئے گئے ہیں۔انہوں کہا کہ نیشنلزم، ڈیولپمنٹ اور گڈ گورننس ‘ ہمارا وعدہ تھا، جس پر ہم کھرے اترے ہیں۔ ساتھ ہی، رام مندر کی تعمیر، کاشی وشوناتھ کوریڈور،کنبھ میلہ اور گنگا کی صفائی جیسے وعدے بھی پورے کئے ہیں۔
یوگی کا خواتین کو سیکوریٹی فراہم کرنے کا دعویٰ
  یوگی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی حکومت نے خواتین کو سیکوریٹی فراہم کرائی، ریاست کے شہریوں کے دل و دماغ  سے بدمعاشوں اور مافیا کا خوف ختم کیا اور مافیا پر بلڈوزر چلوایا۔  علاوہ ا زیں،  وزیراعلیٰ   کے مطابق گنا کسانوں کےبقایا جات کی ادائیگی کی گئی،بند پڑکی شوگر ملیں دوبارہ  شروع  کی گئیں اور  ہیلتھ انشورنس جیسی عوامی فلاح و بہبود کی کئی اسکیموں کا آغاز ہوا۔ 
نعروں سے یوگی اورا ن کی سرکار غائب
 پہلے کے نعروں میں یوگی یا ان کی سرکار کا ذکر ضرور ہوتا تھا مگر نئے  نعرے  بی جے پی پر فوکس ہے  یوگی یا ان کی سرکار پر نہیں۔اس سلسلے میں بی جے پی کے دولیڈروں سے رابطہ کرنے پر انہوں نے  بالواسطہ اعتراف کیا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف ٹھاکر پرست ہونے اور او بی سی ودلت مخالف ہونے کے الزامات کو اپوزیشن اور میڈیا میں جس انداز میں پیش کیا جارہا ہے، اس کے ممکنہ نقصانات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی جوڑا کہ پارٹی کےلئے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘ اب بھی کلید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK