رسوئی گیس سلنڈر پر ۵؍ سوروپے کی سبسیڈی، خواتین کیلئے ۲۵؍ سور روپے وظیفہ، ۵؍ لاکھ روپے کے ہیلتھ انشورنس اور غریبوں کو ’اٹل کینٹین ‘میں ۵؍ روپے میں پیٹ بھرکھانا دینے کا وعدہ، کیجریوال نےآڑے ہاتھوں لیا، انتخابی منشور کو ’آپ‘کی نقل قراردیا، ’’مفت ریوڑیوں ‘‘ پر وزیراعظم کی تنقید یاد دلائی، کہا کہ ثابت ہوا کہ وہ غلط تھے۔
بی جےپی صدر جے پی نڈا ’دہلی سنکلپ پتر-۱‘ کا اعلان کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
بی جے پی نے جمعہ کو اپنے انتخابی منشور کا ایک حصہ جاری کیا جس میں وہ ’’مفت کی ریوڑیاں‘‘ شامل ہیں جن پر وزیراعظم نریندر مودی نے تنقید کی تھی۔ زعفرانی پارٹی نے دہلی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی عوامی بہبود کی اسکیموں کو جاری رکھنے اور انہیں بدعنوانی سے پاک کرنے کا وعدہ کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کو رسوئی گیس سلنڈر میں ۵۰۰؍ کی سبیسیڈی، ہولی-دیوالی کے دوران ایک سلنڈر مفت ، ۵؍ لاکھ کے ہیلتھ انشورنس اور اٹل کینٹین میں غریبوں کیلئے ۵؍ روپے میں پیٹ بھر کھانہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انتخابی منشور پر تنقید کرتے ہوئے کیجریوال نے اسے عام آدمی پارٹی پارٹی کی نقل قرار دیا اور کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعظم مودی ’’مفت کی ریوڑیوں‘‘ پر تنقید کرنے کے معاملے میں غلط تھے۔
نڈا نے انتخابی منشور جاری کیا
بی جےپی کے قومی صدر جے پی نڈا نے پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹرز میں تیار کئےگئے ’’دہلی سنکلپ پتر -۱‘‘کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو یہاں پہلے سے چلائی جانے والی بدعنوانی سے پاک تمام عوامی فلاحی اسکیموں کو جاری رکھا جائے گا اور ان کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ قابل ذکر ہے کہ اس بار بی جے پی کئی حصوں میں دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کر رہی ہے۔
نڈا نے کہا کہ’’اگر دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے، تو مہیلا سمردھی یوجنا کے تحت خواتین کو ماہانہ۲۵؍سو روپے دیئے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ماترو تحفظ وندنا یوجنا کے تحت حاملہ خواتین کو۲۱؍ سو روپے دیئے جائیں گے اور ۶؍ نیوٹریشن کٹس بھی دی جائیں گی۔ دہلی میں بجلی، بسوں اور پانی کے حوالے سے موجودہ حکومت کی جاری اسکیمیں جاری رہیں گی۔
۵؍ لاکھ روپے تک کا مفت علاج
ہیلتھ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ’’بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد آیوشمان بھارت اسکیم کو دہلی میں کابینہ کی پہلی میٹنگ میں نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت یہاں کے لوگوں کو ۵؍ لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘‘ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی طرف سے۵؍ لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت بھی شامل کی جائے گی۔ اسی طرح ہر شہری کو۱۰؍ لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو او پی ڈی اور جانچ کی سہولیات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔ نڈا نے کہا کہ اگر بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو بزرگ شہریوں کو دی جانے والی پنشن کی رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کے۶۰؍ سے۷۰؍ سال کی عمر کے بزرگ شہریوں کو۲۵۰۰؍ روپے ماہانہ پنشن اور۷۰؍ سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو ۳؍ ہزار روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی۔
عام آدمی پارٹی نے تنقید کی
عام آدمی پارٹی (’آپ‘)نے بی جے پی کے منشور کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بی جے پی کا سنکلپ پتر نہیں ہے بلکہ کیجریوال پتر ہے۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ’’ آج بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بی جے پی کا منشور جاری کیا ہے۔ بی جے پی کے انتخابی منشور میں کئی ریوڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ جے پی نڈا سے ہمارا سوال ہے کہ کیا انہوں نے یہ ریوڑیاں تقسیم کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اجازت لی ہے؟ کیا وزیراعظم اس سے متفق ہیں؟ کیونکہ وزیر اعظم پورے ملک کا دورہ کر چکے ہیں اور اپنی تقریروں میں۱۰۰؍ بار کہہ چکے ہیں کہ مفت کی ریوڑیاں ٹھیک نہیں ہیں۔‘‘ کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم دہلی کے لوگوں کے سامنے آکر خاص طور پر اعلان کریں کہ وہ اس سنکلپ پتر سے متفق ہیں۔