• Sun, 26 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی کے سی اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے نئے کنکٹر کا افتتاح

Updated: December 24, 2024, 4:13 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں بڑھتے تجارتی وصنعتی اداروں کی وجہ سے یہاں آنے جانے والی گاڑیوں کی تعداد میں بھی روزبہ روز اضافہ ہورہا ہے۔

BKC-Eastern Express Highway Connector has been inaugurated. Photo: Ashish Raje
بی کے سی- ایسٹرن ایکسپریس ہائی وےکنکٹرجس کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ تصویر:آشیش راجے

 باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں بڑھتے تجارتی وصنعتی اداروں کی وجہ سے یہاں آنے جانے والی گاڑیوں کی تعداد میں بھی روزبہ روز اضافہ ہورہا ہےجس سے علاقے میں ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہورہاہے جسے حل کرنے کیلئے ’ایم ایم آر ڈی اے‘ نے پیر کو ۱۸۰؍ میٹر طویل نئی سڑک کا افتتاح کیا ہے جس سے لوگوں کو بی کے سی سے ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے   کے درمیان آمدورفت کیلئے تیسرا کنکٹر دستیاب ہوگیا ہے۔
 یہ سڑک ’اوینیو-۳‘ (وی ورک) اور یہاں واقع بی کے سی کنکٹر کے نیچے سے گزرتی ہے جس پر ایک بھی سگنل نہیں ہے اس لئے لوگ بغیر سگنل کے اس  سے سفر کرسکیں گے اور محض ۱۵؍ منٹ میں  ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے  سے بی کے سی آمدو رفت کرسکیں گے۔ اس سڑک کو ’مِسنگ لنک‘ نام بھی دیا گیا ہے کیونکہ اس ۱۸۰؍ میٹر طویل سڑک سے ۲؍ علاقوں کو جوڑا گیا ہے جس کے بغیر گاڑیوں کو کافی گھوم کر سفر طے کرنا پڑتا تھا۔ اس کی مدد سے ’سیبی‘ (سیکوریٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا) کی عمارت سے متصل سڑک سے ’اوینیو -۵‘ تک پہنچنا آسان ہوگیا ہے۔ اس نئی سڑک کی وجہ سے بی کے سی وَن جنکشن اور بی کے سی کنکٹر جنکشن پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔
 اگرچہ اس سڑک پر کُل ۶؍ لین ہیں لیکن فی الحال ان میں سے ۳؍ ہی کوگاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھولا گیا ہے۔ دیگر ۳؍ لین کو بھی جلد شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ اس پروجیکٹ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اسے محض ساڑھے ۳؍ ماہ میں مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ اسے ۷؍ مہینوں میں مکمل کرنے کا ہدف طے کیا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب میں ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے جوائنٹ کمشنر آئی اے ایس افسر رادھا بنود شرما اور ٹریفک کے ایڈیشنل پولیس کمشنر انل کمبھارے موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK