ملک سے نکسلواد کو ختم کرنے کے حکومت کے دعویٰ پر سوالیہ نشان، امیت شاہ نے حملے کی مذمت کی، کہاکہ فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی
EPAPER
Updated: January 06, 2025, 11:07 PM IST | Chandigarh
ملک سے نکسلواد کو ختم کرنے کے حکومت کے دعویٰ پر سوالیہ نشان، امیت شاہ نے حملے کی مذمت کی، کہاکہ فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی
چھتیس گڑھ میں پیر کو نکسلیوں نے ایک بڑا حملہ کرتے ہوئے فوجی جوانوں کی ایک جیپ کو دھماکہ سے اڑادیا۔اس حملے میں ۹؍ افراد ہلاک ہوئے جن میں ۸؍جوان ہیں۔ نکسلیوں نےڈی آر جی دنتے واڑہ کے سپاہیوں کو لے جانے والی گاڑی کو۶۰؍ سے ۷۰؍ کلو دھماکہ خیز مادہ کا استعمال کرکے دھماکہ سےاڑا دیا۔ بستر کے آئی جی سندرراج پی نے بتایا کہ یہ واقعہ کٹرو پولیس اسٹیشن کے تحت امبیلی گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا، جب سیکوریٹی اہلکار نکسل مخالف آپریشن کے بعد اپنی اسکارپیو گاڑی میں واپس آرہے تھے۔ گزشتہ ۲؍ برس میں سیکوریٹی فورسیز پر نکسلیوں کا یہ سب سے بڑا حملہ ہے جو امیت شاہ کے اس دعویٰ پر سوالیہ نشان کھڑا کردیتا ہے کہ ملک سے مارچ ۲۰۲۶ء تک نکسلزم کا خاتمہ کردیا جائیگا۔
اس سے قبل۲۶؍ اپریل۲۰۲۳ء کو ایک گاڑی جو سیکوریٹی اہلکاروں کو لے جانے والے قافلے کا حصہ تھی، کو نکسلیوں نے دنتے واڑہ ضلع میں دھماکے سے اڑا دیا تھا، جس میں ۱۰؍ پولیس اہلکار اور ایک شہری ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔ آئی جی نے بتایا کہ پیر کو فوجیوں کا قافلہ بیجاپور کی کٹرو روڈ سے گزر رہا تھا۔ نکسلیوں نے جو پہلے ہی کٹرو تھانہ علاقے کے امبیلی نالہ کے قریب گھات لگا کر حملہ کر چکے تھے، ایک آئی ای ڈی کو دھماکے سے اڑا دیا اور سیکوریٹی فورسیز کی گاڑی اس کی زد میں آ گئی۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حملے میں جوانوں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے اورکہا کہ اس دکھ کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔‘‘