ہائی کورٹ کی سرزنش اور میونسپل کمشنر کی ہدایات کے بعد دھول کو ختم کرنے، سڑکوں کو پانی سے دھونے اور تعمیرات کا ملبہ ہٹانے کیلئے جدید مشینوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔۳۵۵؍کلین اپ مارشل بھی تعینات
EPAPER
Updated: December 27, 2024, 9:46 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ہائی کورٹ کی سرزنش اور میونسپل کمشنر کی ہدایات کے بعد دھول کو ختم کرنے، سڑکوں کو پانی سے دھونے اور تعمیرات کا ملبہ ہٹانے کیلئے جدید مشینوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔۳۵۵؍کلین اپ مارشل بھی تعینات
بامبےہائی کورٹ کی سرزنش اور بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی کی ہدایات کے بعد شہریوں کی صحت خراب ہونے کی وجہ بننے والی فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بی ایم سی ٹھوس اقدام کررہی ہے ۔
اس سلسلے میں بی ایم سی نے دھول ، مٹی اور تعمیراتی ملبہ کو ہٹانے نیزسڑکوں کوصاف کرنے کے لئے جدید آلات سے آراستہ ۹۶؍ گاڑیوں کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ساتھ ہی پانی کا چھڑکاؤ ،دھول کو ختم کرنے والی مشینوں اور سڑکوں کی گندگی کو صاف کرنے والی مشینوں کا استعمال دوبارہ شروع کر دیا ہے ۔بی ایم سی کے بقول مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ نے گزشتہ ایک ہفتہ کے درمیان فضائی آلودگی کے سبب جن علاقوں کے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے کی اطلاع دی ہے، ان میں قلابہ نیوی نگر ، مجگاؤں ،سدھارتھ نگر ورلی ،سیوڑی ،بوریولی ، ملاڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں ۔ ڈپٹی میونسپل کمشنر ( سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ) کرن دیگاؤنکر نے بتایا کہ آلودگی پر قابو پانے کیلئے جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق اقدامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ سڑکوں سے دھول اور مٹی کو صاف کرنے کیلئے ای سوئیپر میکانیکل گاڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ ڈمپرس سے تعمیراتی ملبے کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ ان مقامات پر پانی چھڑکاؤ کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی سڑکوں کی دھول سے پیدا ہونے والی آلودگی کو قابو کرنے کیلئے ایک بار پھر جنگی پیمانے پر سڑکوں کو پانی کے ٹینکروں کی مدد سے دھویا جارہا ہے ۔ اس دوران شہر اور مضافات میں جاری تعمیرات کی سائٹ سے اب تک ۲۴۴؍ ٹن ملبہ ہٹایا گیا ہے ۔ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کلین اپ مارشل کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔ بی ایم سی نے ۳۵۵؍ کلین اپ مارشل کو مامور کیا ہے۔