Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر کی سڑکوں کی دن میں ۲؍مرتبہ صفائی کرنے کا حکم!

Updated: April 02, 2025, 11:44 AM IST | Mumbai

بی ایم سی نے شہر میں گرد وغبار کے سبب پیدا ہونے والی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے شہر اور مضافات میں سڑکوں کی صفائی کا فیصلہ کیا۔

Municipal workers wash a city road with water. (File photo)
میونسپل ملازم شہرکی ایک سڑک کو پانی سےدھوتے ہوئے ۔(فائل فوٹو)

شہری انتظامیہ آلودگی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے مسلسل کوشش کررہی ہے ۔ایک طرف جہاں شہری انتظامیہ نے شہری ترقیاتی پروجیکٹ، سڑکوں کی کھدائی اور پرائیویٹ تعمیراتی کاموں کے سبب پیداہونے والی دھول کو ختم کرنے کیلئےٹھیکہ داروں پر پانی کے چھڑکاؤ کے ساتھ تعمیرات کا کام کرنے اور ملبہ کو اٹھانے کی شرائط عائد کر رکھی ہے اور دیگر رہنما خطوط بھی جاری کئے ہیں ۔ وہیں اب سڑکوں پر گرد و غبار کے سبب ہونے والی آلودگی کو قابو میں کرنے کے لئے روزانہ سڑکوں کی صفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
شہری انتظامیہ (بی ایم سی )نے سڑکوں پر موجود  دھول مٹی  کے سبب پیدا ہونے والی آلودگی کو ختم کرنے کے لئے صبح اور شام ۲؍ مرتبہ شہر اور مضافات کے تمام وارڈوں کی سڑکوں پر روزانہ پانی کا چھڑکاؤ کرکے جھاڑو مارنے کا فرمان جاری کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں تمام وارڈ کے میونسپل اسسٹنٹ کمشنر کو اپنی سربراہی میں اس کام کو انجام دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔دھول کے سبب پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے مقصد سے ۳؍ ماہ تک تجرباتی طو رپر اس پر عمل کیا جائے گا ۔ اب تک سڑکوں پر موجود گندگی اور گرد و غبار کو اس وقت ہی صاف کیا جاتا تھا اور جھاڑو ماری جاتی تھی جب کوئی وی آئی پی یا وی وی آئی پی کا دورہ ہوتا تھا ۔
یہ بھی واضح رہے کہ بی ایم سی کے صفائی ملازمین’ اے‘ اور’ ڈی‘ وارڈ میں سڑکوں پر موجود گرد و غبار کو روزانہ کی بنیاد پر صبح ساڑھے ۶؍ سے ساڑھے ۸؍ بجے کے درمیان پانی کا چھڑکاؤ کرکےجھاڑو مارتے ہیں ۔ وہیں اب یہ تجربہ شہر اور مضافات کی تمام سڑکوں پر کیا جائے گا۔
اس سلسلہ میں جاری کردہ احکامات کے مطابق اپریل تا جون مسلسل ۳؍ ماہ تک تجرباتی طورپر شہر کی تمام سڑکوں کو ۲؍ مرتبہ صبح ۷؍ سے ساڑھے ۱۰؍ بجے کے درمیان پانی کے چھڑکاؤ کرتے ہوئے دھول اور مٹی کو صاف کیاجائے گا ۔ اسی طرح شام میں ۵؍ سے ۷؍ بجے کے درمیان یہی عمل دہرایا جائے گا۔ شہری انتظامیہ نے اس سلسلہ میں ۱۹؍ کروڑ روپے کا اضافی بجٹ منطور کیا ہے ۔ایک کلو میٹر روڈ کی صفائی کے لئے ۲؍  صفائی ملازم کو مامور کیا جائے گا ۔ صفائی ملازمین کی مدد سے شہر کی ایک ہزار ۵۰؍ کلو میٹر کی صفائی کی جائے گی جبکہ شہر کے ۲۵۲؍ میٹر سڑک کی صفائی ایڈوانس مشین کی ذریعہ کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK