ممبئی میونسپل ایکٹ میں تبدیلی کے بعد’سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ کے نام پر ہر گھر سے ماہانہ ۱۰۰؍روپے تا ایک ہزار روپے تک لئے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: February 08, 2025, 11:57 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ممبئی میونسپل ایکٹ میں تبدیلی کے بعد’سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ کے نام پر ہر گھر سے ماہانہ ۱۰۰؍روپے تا ایک ہزار روپے تک لئے جائیں گے۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )نے ’ممبئی میونسپل ایکٹ‘ مجریہ ۱۸۸۸ء میں تبدیلی کرنے کیلئے قانونی مشورہ طلب کیا ہے۔ اگر اس ایکٹ میں تبدیلی کی جاتی ہے تو ’سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ کے نام پر کوڑاکرکٹ کی صفائی کیلئے ہر گھر سے ۱۰۰؍ روپے سے ایک ہزار روپے تک ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔ واضح رہے کہ موجودہ قانون کے مطابق ’سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ شہری انتظامیہ کے بنیادی فرائض میں شامل ہے جس کی وجہ سے بی ایم سی کچراصاف کرنے کیلئے عوام سے علاحدہ فیس نہیں لے سکتی۔ اس لئے شہری انتظامیہ اس قانون میں ایسی تبدیلیاں کرنا چاہتا ہے جس سے یہ کام اس کے بنیادی فرض سے خارج ہوجائے اور کچرا صفائی کیلئے الگ سے فیس وصول کی جاسکے۔ اسی لئے بی ایم سی کے اعلیٰ افسران نے قانونی صلاح ومشورہ طلب کیا ہے کہ قانون میں تبدیلی کیسے کی جاسکتی ہے۔
بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق ۲۰۱۶ء میں ’سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ کیلئے جو گائیڈ لائن جاری کی گئی تھی، اس میں اس کام کیلئے فیس وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس افسر کے مطابق شہری انتظامیہ اس گائیڈ لائن کے مطابق عمل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
ایک دیگر سینئر افسر کے مطابق قانونی مشورہ سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اس قانون کو کس طرح نافذ کیا جائے کہ کچرا صفائی کی فیس لی جاسکے۔ ان کے مطابق رہائشی مکانات کے سائزکے حساب سے ۱۰۰؍ روپے سے ایک ہزار روپے تک اور تجارتی اداروں کے سائز کے حساب سے ۵۰۰؍ روپے سے ساڑھے ۵؍ ہزار روپے ماہانہ تک فیس لی جائے گی۔
واضح رہے کہ عام طور پر گھروں، تجارتی اداروں، کارخانوں اور صنعتوں سے جو بھی چیزیں کوڑاکرکٹ کے طور پر پھینکی جاتی ہیں، وہ سالیڈ ویسٹ میں شمار ہوتی ہیں۔ ان میں پلاسٹک، کھانا، کاغذاور شیشے وغیرہ شامل ہیں۔
پونے، دہلی اور چنئی جیسے شہروں میں پہلے ہی یہ فیس نافذ کردی گئی ہے جس میں رہائش گاہوں سے ۱۰۰؍ روپے اور کمرشیل یونٹ سے ۵۰۰؍ روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ اس فیس کے ذریعہ کوڑاکرکٹ جمع کرنے، اسے ڈمپنگ گرائونڈ یا سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ یونٹ تک لے جانے اور کچرے کو ختم کرنے کے جو اخراجات ہوتے ہیں، ان کا مکمل یا جزوی خرچ وصول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔