اس خطرناک بیماری سے ملک کو ۲۰۳۰ء تک پاک کرنے کیلئے ۲۸؍ ستمبر سےآوارہ اور پالتوکتوں کوٹیکہ لگانے کاکام شروع کیا جائے گیا
EPAPER
Updated: September 19, 2024, 10:05 PM IST | Mumbai
اس خطرناک بیماری سے ملک کو ۲۰۳۰ء تک پاک کرنے کیلئے ۲۸؍ ستمبر سےآوارہ اور پالتوکتوں کوٹیکہ لگانے کاکام شروع کیا جائے گیا
کتوں کے کاٹنے سے ہونے والی خطرناک بیماری ’ریبیز‘ سے ملک کو ۲۰۳۰ء تک پاک کرنے کے ’ایکشن پلان‘ کے تحت بی ایم سی ۲۸؍ ستمبر سے آوارہ کتوں کو بڑے پیمانے پر ٹیکہ لگانا شروع کرے گی۔ حالانکہ ۲۰۲۲ء میں ممبئی کو ریبیز سے پاک کرنے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی تھی لیکن اب پوری دنیا میں ریبیز کو ختم کرنے کی مہم ’ورلڈ وائیڈ ویٹیرینری سروسیز- مشن ریبیز‘ شروع کی جارہی ہے اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )بھی اس میں حصہ لے رہی ہے جس کے تحت ٹیکہ کاری ہوگی۔اس مہم کا مقصد صرف آوارہ کتوں کی ٹیکہ کاری ہی نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعہ عوام میں ریبیز اور جانوروں کی فلاح کے تعلق سے بیداری لانا بھی ہے۔
ویکسین لگانے کی مہم کے ساتھ بی ایم سی اسکولوں، کالجوں، کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹیوں اور دیگر عوامی اداروں کے ذریعہ بیداری مہم بھی چلارہی ہے۔
بی ایم سی کا دعویٰ ہے کہ صرف اگست میں میونسپل افسران نے ۶۵؍ اسکولوں میں جاکر ۱۳؍ ہزار ۳۳۲؍ طلبہ، ۲۷۱؍ اساتذہ اور ۷۹۳؍ شہریوں کو اس مہم اور ’ریبیز ‘کے تعلق سے معلومات فراہم کی تھی۔ مزید یہ کہ یہ بیداری مہم صرف تعلیمی اداروں تک محدود نہیں ہے بلکہ تعمیراتی پروجیکٹوں میںکام کرنے والوں اور دیگر اداروں میں جاکر بھی لوگوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
یہ مہم میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کی زیر سرپرستی چل رہی ہے اور اس میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشوینی جوشی اور نائب کمشنر (خصوصی) کرن دھیگائوکر بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
ایک میونسپل افسر نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’یہ محض ایک سرکاری پروگرام نہیں ہےبلکہ ہم جانوروں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی تنظیموں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اشتراک سے یہ کوشش کررہے ہیں کہ ہر شہری ’ریبیز‘ کی سنگینی کو سمجھے اور یہ بھی جان لے کہ اس سے کس طرح بچا جاسکتا ہے۔ ہمارا ہدف ممبئی کو ریبیز سے پاک بنانا ہے اور کتوں کی ٹیکہ کاری اس مہم کا ایک اہم حصہ ہے۔‘‘
بی ایم سی نے عوام کی سہولت کیلئے آوارہ یا پالتو کتوں کو ٹیکہ لگانےکیلئے رجسٹریشن کرنے کیلئے آن لائن سہولت بھی فراہم کی ہے جو بی ایم سی کے ’مائی بی ایم سی ایپ‘ یا ویب سائٹ:
https://vhd.mcgm.gov.in/register-grievance.
پرکرسکتے ہیں۔