گزشتہ ۲؍ ماہ کے دوران ۲۰؍ ہزار اسٹال اور پھیری والوں کو ہٹایا گیا۔
EPAPER
Updated: December 23, 2024, 11:08 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
گزشتہ ۲؍ ماہ کے دوران ۲۰؍ ہزار اسٹال اور پھیری والوں کو ہٹایا گیا۔
راستوں اور فٹ پاتھ پر غیرقانونی طور پر مختلف اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف ’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن‘ (بی ایم سی) نے سختی بڑھا دی ہے اور گزشتہ ۲؍ ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ۲۰؍ ہزار ہاکروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران بامبے ہائی کورٹ کے حکم پر سی ایس ایم ٹی سے فورٹ تک بھی ہاکروں کو بھی ہٹانے کی کارروائی جاری ہے۔
فورٹ میں اسٹال پر موسم کے اعتبار سے مختلف اشیاء فروخت کرنے والے ایک شخص نے کہا کہ ’’ماضی میں جو سروے کیا گیا تھا اس کے حساب سے ہمیں لائسنس مل جانا چاہئے تھا لیکن اب تک نہیں ملا ہے۔ ہم مجبوری میں بہت تھوڑا سا سامان اسٹال پر رکھتے ہیں کہ کبھی بھی بی ایم سی کے افسران آجاتے ہیں۔ ہاکروں کی یونین ہائی کورٹ گئی ہے اور وہاں ہمارا معاملہ زیر سماعت ہے لیکن اس دوران ہمارا روزگار بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ ‘‘ بی ایم سی کے مطابق اکتوبر میں ۹؍ ہزار ۷۲۰؍ اور نومبر میں ۱۰؍ہزار ۵۶؍ ہاکروں کیخلاف کارروائی ہوئی ہے۔ ان دونوں مہینوں میں جنوبی ممبئی میں واقع ’اے وارڈ‘ سے مجموعی طور پر ایک ہزار ۴۵۱؍ ہاکروں کو ہٹایا گیا ہے جہاں قلابہ، نیوی نگر، کف پریڈ، مرین ڈرائیو اور نریمن پوائنٹ جیسے علاقے آتے ہیں۔ اسی طرح ’ایف سائوتھ‘ وارڈ جس میں پریل کے علاقے آتے ہیں یہاں سے کُل ایک ہزار ۴۱۱؍ ہاکر، ’ایل وارڈ‘ جس میں کُرلا، میٹھی ندی، وغیرہ شامل ہیں، سے ایک ہزار ۳۸۵؍ ہاکر، ’پی نارتھ‘ جہاں ڈنڈوشی نگری نیوارا، مڈھ، منوری اور گوارائی وغیرہ شامل ہیں، سے ایک ہزار ۴۳۳؍ ہاکر، ’آر سائوتھ‘ جس میں کاندیولی، دامو نگر، نیشنل پارک، چارکوپ، پوئسر جمخانہ روڈ وغیرہ آتے ہیں یہاں سے ایک ہزار ۲۰۷؍ ہاکر، ’کے ویسٹ وارڈ‘ جس میں اندھیری (مغرب)، ایس وی روڈ، اوشیوارہ ندی اور ملن سب وے ہیں یہاں سے ایک ہزار ۱۰۱؍ ہاکر اور ’ایس وارڈ‘ جس میں بھانڈوپ (مغرب)، لال بہادر شاستری مارگ، ویہار لیک، گوریگائوں ملنڈ لنک روڈ، وکھرولی اسٹیشن روڈ (مشرق اور مغرب) اور ایل بی ایس مارگ آتے ہیں یہاں سے ۹۶۸؍ہاکروں کو ہٹایا گیا ہے۔