• Fri, 07 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بورڈ امتحانات : نقل روکنے کیلئےڈرون سے نگرانی

Updated: February 07, 2025, 3:53 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

امسال بورڈامتحانات میں نقل روکنےکیلئےجہاں کاپی فری مہم پر سختی سے عمل جاری ہے وہیں نقل سے پاک امتحان کو یقینی بنانے کیلئے اب امتحانی مراکز کےباہر ویڈیوریکارڈنگ، امتحان سے ایک دن پہلے سینٹرزپر مطلوبہ افرادی قوت کی جانچ اور تمام مراکز پر فلائنگ اسکواڈ دستیاب کرائےجائیں گے۔

Students can be seen writing a paper at an examination center. Photo: INN
ایک امتحانی مرکز پر پرچہ تحریر کرتے ہوئے طلبہ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈآف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی سیکریٹری سجاتا سونک نے امسال فروری اور مارچ میں ہونے والے ۱۲؍ ویں اور ۱۰؍ویں کے امتحانات کےدوران نقل کو مکمل طورپر روکنےکیلئے پوری ریاست میں نقل سے پاک مہم پر سختی سے عمل کرنےکا حکم جاری کیاہے۔ امسال بورڈامتحانات میں شفافیت کیلئے جہاں کاپی فری مہم پر سختی سے عمل کیاجارہاہے وہیں نقل سے پاک امتحان کو یقینی بنانےکیلئےاب امتحانی مراکز کی ڈرون کے ذریعے نگرانی ، امتحانی مراکز کےباہر ویڈیوریکارڈنگ، امتحان سے ایک دن پہلے سینٹروںپر مطلوبہ افرادی قو ت کی جانچ اور تمام مراکز پر فلائنگ اسکواڈ دستیاب کرائے جانےکی نئی ہدایتیں جاری کی گئی ہیں۔
 واضح رہےکہ ریاست میں ہائر سیکنڈری سرٹیفکیٹ (کلاس بارہویں) کا امتحان ۱۱؍ فروری سے ۱۸؍مارچ تک اور سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (دسویں کلاس) کا امتحان ۲۱؍ فروری سے  ۱۷؍ مارچ کےدرمیان منعقد ہوگا۔ ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ۱۰۰؍ روزہ ایکشن پلان کے تحت وزیر تعلیم دادا بھوسے نے محکمہ اسکولی تعلیم اور ریاستی سیکنڈری اورہائر سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کو بورڈامتحانات دھوکہ دہی اورڈرو خوف سے پاک اور صحت مند ماحول میں آسانی سے منعقد کرانےکو یقینی بنانےکی ہدایت جاری کی ہے۔ اس پس منظر میں چیف سیکریٹری سجاتا سونک نےاس پورے معاملہ کا جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر محکمہ اسکول ایجوکیشن کے پرنسپل سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول کےعلاوہ کمشنر آف اسکول ایجوکیشن، تمام ضلع کلکٹرس، پولیس کمشنرس اور چیف ایگزیکٹیو آفیسرز نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ جس میں امتحانی مراکز کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کرنےکافیصلہ لیاگیا تاکہ بدعنوانی کو روکا جا سکے۔
 نقل سے پاک امتحان کیلئے  امتحانی مراکز کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کرنےکےعلاوہ ، امتحانی مراکزکے باہر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ویڈیو ریکارڈنگ کرائی جائےگی، امتحان کے آغاز سے ایک دن پہلے امتحانی مرکز پر مطلوبہ افرادی قوت کی سہولیات موجود ہے یانہیں اس کی جانچ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیاجائےگا،تمام امتحانی مراکز پر فلائنگ اور سیٹنگ اسکواڈز دستیاب کرائے جائیںگے۔ضلعی انتظامیہ مرکز کے ڈائریکٹر، سپروائزرز اور امتحانی مرکز میں متعین امتحان سے متعلق تمام اہلکاروں کے `چہرے کی شناخت کی جانچ کرے گی۔
  اسکے علاوہ متعلقہ افراد کو علاحدہ شناختی کارڈ جاری کیا جائے گاتاکہ امتحانات کے دوران بدعنوانی کو روکا جا سکے۔امتحانی مرکز پربدنظمی کرنےوالے ذمہ دار کے خلاف قابلِ سماعت اور ناقابل ضمانت جرم درج کیا جائے گا۔ امتحانی مرکز کے ۵۰۰؍میٹر کے احاطے میں زیراکس سینٹر کو امتحان کے دوران بند رکھا جائےگا۔ امتحانی مراکز کے احاطے میں دفعہ ۱۴۴؍نافذ کی جائے گی۔
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثارنے بتایاکہ’ ’امسال بورڈ کےعہدیداران نقل سے پاک امتحانات منعقد کرانے پر بڑی توجہ دے رہےہیں جو ایک اچھی پہل ہے جس کا ہم خیرمقدم کرتےہیں لیکن اس مہم کے ساتھ اساتذہ کے عہدے اور احترام کا بھی خیال رکھاجائے تاکہ ان کے وقار کو چوٹ نہ پہنچے۔ ‘‘ 

نقل سے پاک بورڈامتحانات کیلئے پولیس بھی متحرک
دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات ۱۱؍فروری سے ۱۸؍مار چ ۲۰۲۵ء کے درمیان ممبئی کے ۸۷۱؍ امتحانی مراکز پرمنعقد کئے جائیں گے۔ نقل سے پاک بورڈامتحانات کیلئے ممبئی پولیس نے بھی ضروری احکامات جاری کئے ہیں۔جس کےمطابق امتحانی مرکز کے ۱۰۰؍ میٹر کے دائرے میں ٹیلی فون بوتھ، فیکس، زیروکس، موبائل فون، لیپ ٹاپ، بلیو ٹوتھ اور انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسکے علاوہ موبائل فون، وائرلیس سیٹ، ٹرانزسٹر ریڈیو، کیلکولیٹر، لیپ ٹاپ اور دیگر مواصلاتی آلات کا استعمال ممنوع قرار دیا ہے۔ پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں کہ ان امتحانات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو اور ان امتحانات میں نقل کرنے کی ہمت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائےگا۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ جدید آلات کی مدد سے نقل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ممبئی پولیس نے امتحانی مرکز کے احاطے میں الیکٹرانک آلات کے استعمال سے متعلق امتناعی حکم جاری کیا ہے۔ امتحانی مرکز کے ۱۰۰؍ میٹر کے اندر موبائل فون، وائرلیس سیٹ، ٹرانزسٹر ریڈیو، کیلکولیٹر، لیپ ٹاپ اور دیگر مواصلاتی آلات کا استعمال ممنوع قرار دیا ہے ساتھ ہی لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی ہے۔نیز امتحانی مرکز کے ۱۰۰؍ میٹر کے اندر امتحانی مرکز سے متعلق کوئی تحریر لکھنا یا پوسٹ کرنا ممنوع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK