• Wed, 19 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

واشی بریج سے کودنے والے نوجوان کی لاش پنویل میں ملی

Updated: February 16, 2025, 9:51 AM IST | Shahab Ansari | Vashi

اٹل سیتو سے کود کر جان دینے والے کی تلاش کے دوران چیتا کیمپ کے مکین کی لاش مل گئی۔

Deceased Nizamuddin. Photo: INN.
متوفی نظام الدین۔ تصویر: آئی این این۔

مضافات کے گھنی مسلم آبادی والے چیتا کیمپ کے پائلی پاڑہ میں رہنے والے ۲۳؍ سالہ نظام الدین سید نے پیر کی دوپہر واشی بریج سے کھاڑی میں چھلانگ لگا دی تھی جس کے بعد جمعہ کو ان کی لاش پنویل میں ملی اور اسی شب ان کی تدفین عمل میں آئی۔ متوفی کی بہن کے سسر آلِ رسول نے انقلاب کو بتایا کہ نہوا شیوا میں نو گائوں کے کسی شخص نے اٹل سیتو سے خودکشی کرلی تھی اور اس کی تلاش کی جارہی تھی تبھی جمعہ کو نظام الدین کی لاش پانی میں کنارے پر نظر آگئی۔ اس تعلق سے پولیس نے گھر والوں کو فون پر اطلاع دی اور اہلِ خانہ وہاں پہنچ گئے۔ چونکہ لاش ۵؍ دنوں سے پانی میں رہنے کی وجہ سے پھول گئی تھی اس لئے ہاتھ کی گھڑی، کپڑوں، جوتوں اور بدن پر نشان کے ذریعہ اس کی شناخت کی گئی۔ ایک مقامی ایمولنس والے کی مدد سے وہیں غسل وغیرہ دے کر لاش کو براہِ راست قبرستان لایا گیا اور فجر سے پہلے ہی تدفین عمل میں آئی۔ 
اگرچہ ابتداء میں سوشل میڈیا پر ایسے پیغامات چل رہے تھے کہ قرض کے بوجھ کی وجہ سے نظام الدین نے انتہائی قدم اٹھایا ہے لیکن پیر کے روز ہی آلِ رسول نے اس نمائندے سے گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ وہ بہت زیادہ مقروض تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ پیر کی دوپہر تقریباً سوا ۳؍ بجے ان کی بہو کو اپنے بھائی کا میسیج موصول ہوا تھا جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ اپنی جان دینے جارہا ہے اور اس کیلئے کسی کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔ یہ میسیج دیکھ کر وہ پریشان ہوگئی اور اس نے گھر والوں کو یہ پیغام دکھایا۔ 
چونکہ کسی کو یہ پتہ نہیں تھا کہ نظام اس وقت کہاں ہے اس لئے اہل خانہ فوری طور پر ٹرامبے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ وہاں پولیس کو تفصیلات بتا ہی رہے تھے کہ کسی نے ان کی بہو کو فون کرکے بتایا کہ ایک شخص نے واشی بریج سے کھاڑی میں چھلانگ لگا دی ہے۔ فون کرنے والے نے یہ بھی بتایا کہ جس شخص نے پانی میں چھلانگ لگائی ہے وہ اسکوٹر پر آیا تھا اور بریج پر اسکوٹر کھڑی کرکے پانی میں کود گیا ہے۔ فون کرنے والے نے اسکوٹر کا جو نمبر بتایا وہ نظام کی گاڑی کا تھا اور اس اسکوٹر میں ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے اس کے اس کے دفتر میں فون کیا کرکے وہاں سے بہن کا نمبر ملنے پر اسے فون کیا۔ 
اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ٹرامبے پولیس نے گھر والوں کو واشی پولیس اسٹیشن سے رابطہ قائم کرنے کو کہا۔ پولیس کو اطلاع دینے کے بعد فائر بریگیڈ کی مدد سے اس کی تلاش شروع کی گئی لیکن وہ نہیں مل سکا۔ واضح رہے کہ نظام الدین کو پانی میں چھلانگ لگاتا دیکھ کر کسی نے اس کا ویڈیو نکالا تھا جس میں وہ پانی میں کچھ دور ہاتھ پیر مارتا نظر آیا تھا لیکن پھر نظروں سے اوجھل ہوگیا۔ پانی میں اسے ہاتھ پیر چلاتا دیکھ کر امید کی جارہی تھی کہ شاید وہ تیرنا جانتا ہوگا اور بچ گیا ہو لیکن جمعہ کو اس کی لاش ملنے کے ساتھ امید ختم ہوگئی۔ 
واضح رہے کہ نظام الدین اپنے گھر کا تنہا کمانے والا تھا، وہ کال سینٹر میں ملازمت کرتا تھا اور تقریباً ۲؍ سال قبل ہی اس کی شادی ہوئی ہے اور اسے تقریباً ۶؍ ماہ کا بیٹا ہے۔ اس کے والدین ساتھ ہی رہتے ہیں لیکن اس کے والد فالج زدہ ہونے کی وجہ سے بستر پر ہیں۔ 
کیا اور کیسے ہوا ؟
متوفی کی بہن کے سسر آلِ رسول نے بتایا کہ نہوا شیوا میں نو گائوں کے کسی شخص نے اٹل سیتو سے خودکشی کرلی تھی اور اس کی تلاش کی جارہی تھی تبھی جمعہ کو نظام الدین کی لاش کنارے پر نظر آگئی۔ پیر کی دوپہر تقریباً سوا ۳؍ بجے ان کی بہو کو اپنے بھائی کا میسیج موصول ہوا تھا جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ اپنی جان دینے جارہا ہےجس کے بعد اس نے واشی بریج سے کھاڑی میں چھلانگ لگا دی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK