نئے یونٹس کے قیام میں تقریباً ۱۶؍ ہزار ۵؍سوکروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی، روزگار اور تجارت میں اضافے کی امید۔
EPAPER
Updated: February 21, 2025, 12:29 PM IST | Agency | Bokaro
نئے یونٹس کے قیام میں تقریباً ۱۶؍ ہزار ۵؍سوکروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی، روزگار اور تجارت میں اضافے کی امید۔
جھارکھنڈ کے بوکارو ضلع کے چندر پورہ میں دامودر ویلی کارپوریشن (ڈی وی سی) کے ذریعہ۱۶۰۰؍ میگاواٹ(۸۰۰x۲) تھرمل پاور پلانٹ لگانے کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں ڈی وی سی چندر پورہ تھرمل پاور پلانٹ کے سینئر جنرل منیجر اور پروجیکٹ ہیڈ وجے نند شرما نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ڈی وی سی ہیڈکوارٹر سے موصولہ خبر کے مطابق مرکزی حکومت نے۸۰۰؍ میگاواٹ کے دو سپر کریٹیکل یونٹس قائم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونٹ کے قیام اور آپریشن کا انتظام دامودر ویلی کارپوریشن کرے گا۔ ان نئے یونٹس کے قیام میں تقریباً ۱۶؍ ہزار ۵؍سوکروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ یونٹ انتہائی جدید ہوگا۔ اس کی گنجائش پرانے پلاٹ سے زیادہ ہوگی۔ تمام ماحولیاتی معیارات پر عمل کیا جائے گا۔ اس کی ٹیکنالوجی جدید ترین ہوگی۔ شرما نے کہا کہ اس یونٹ کے قیام سے اس علاقے میں سیکڑوںافراد کو بلاواسطہ اور بالواسطہ روزگار ملے گا۔ خطے میں تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔