• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیلی طیاروں کی مغربی کنارہ اور بیروت پر بمباری،یوایس اور یوکے کا یمن پر حملہ

Updated: October 05, 2024, 10:07 AM IST | Beirut

حزب اللہ اور عراق کے جنگجو گروہوں  کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ اور ڈرون حملے بھی جاری ہیں، ۲۴؍گھنٹے میں ۲۰؍ سے زائداسرائیلی فوجی ہلاک۔

A photo of the Dhiya area of ​​Beirut. Photo: PTI.
بیروت کے دھیہ نامی علاقے کی تصویر۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارہ میں جنگی طیاروں کے ذریعے بہیمانہ کارروائی انجام دی ہے۔ یہاں ایک عمارت پر طیاروں سے بم برسائے گئے جس کے نتیجے میں ۱۸؍ افراد شہید ہوگئے۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعرات کو رات گئے مغربی کنارے کے طولکرم پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ۱۸؍افراد جاں  بحق ہوئے۔ 
امریکہ اور برطانیہ کے یمن پر فضائی حملے
امریکہ۔ برطانیہ اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مغربی شہر حدیدہ پر۲؍ فضائی حملے کئے ہیں۔ حوثیوں کے ٹیلی ویژن چینل المسیرہ کے مطابق امریکہ برطانیہ اتحاد کے طیاروں نے حدیدہ کے مغربی علاقے جبانہ پر۲؍ فضائی حملے کئے ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے حملے کے بارے میں تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ 
۲۴؍گھنٹوں  میں ۳۰؍سے زائد فلسطینی جاں بحق
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ۲۰؍ سال میں یہ پہلی دفعہ ہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے میں کسی ٹارگٹ یا بلڈنگ کو نشانہ بنانے کیلئے فائٹر جیٹ طیاروں کا استعمال کیا حالانکہ وہ اس سے قبل چھوٹے ڈرون طیارے استعمال کرتا رہا ہے۔ دوسری جانب غزہ میں جمعہ کی صبح سے ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک۹؍افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ اس طرح پچھلے ۲۴؍ گھنٹے میں ۳۰؍ سے زائد افراد کے جان بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ فلسطینی سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے طولکرم کیمپ میں پڑول الحمام میں ایک کیفے پر حملہ کیا۔ طولکرم میں فلسطینی دھڑوں کے رابطہ کار فیصل سلامہ نے ژنہوا کو بتایا کہ بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔ 
حزب اللہ کے اہم لیڈروں  کی ہلاکت کا دعویٰ
دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بمباری کی گئی ہے، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ بیروت میں حملے کا نشانہ حزب اللہ کے سینئر لیڈر ہاشم صفی الدین تھے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کیلئے ہتھیار تیار کرنیوالے لیڈر محمد یوسف انیسی کو بھی شہید کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے متوقع سیکریٹری جنرل تھے، ایسی اطلاعات تھیں کہ حزب اللہ کے شہید سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد انکے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کو یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔ حزب اللہ کی جانب سے تاحال اسرائیلی دعویٰ کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ 
اسرائیلی فضائی حملوں میں ۳۷؍ افرادجاں  بحق، ۱۵۱؍ زخمی
لبنان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد۳۷؍تک پہنچ گئی ہے، جبکہ۱۵۱؍افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اطلاع لبنان کی وزارت صحت نے جمعہ کو دی۔ وزارت نے کہا کہ بیروت میں ۹؍ افراد ہلاک اور۲۴؍دیگر زخمی ہوئے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ماؤنٹ لبنان میں ۲؍افراد ہلاک اور۱۵؍ دیگر زخمی ہوئے، جبکہ بعلبک حرمل گورنری میں نو زخمی ہوئے۔ 
سرحدی جھڑپوں میں ۱۷؍ اسرائیلی فوجی ہلاک: حزب اللہ
حزب اللہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے سرحد پر ہوئی جھڑپوں میں ۱۷؍ اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ لبنان کے عسکری ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ تقریباً ۱۰؍ گھنٹے کی جھڑپوں کے بعد حزب اللہ کے جنگجو ؤں نے العديسة اور كفركلاکے جنوب مشرقی گاؤں کی طرف اسرائیلی پیش قدمی کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ 
گولان اڈے پر ۲؍اسرائیلی فوجی ہلاک، ۲۴؍زخمی
عراق کی جانب سے اسرائیل کے گولان فوجی اڈے پر جمعرات کی صبح ایک ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ جس میں  ۲؍اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ۲۴؍زخمی ہوئے۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق آئی ڈی ایف نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔ 
حوثیوں کا تل ابیب کے نواحی شہر میں ڈرون حملے کا دعویٰ
یمن کے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے نواحی شہر ‘یافا’ کے ایک کلیدی ہدف پر حملے کا دعویٰ سامنے آرہا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حوثیوں کے ترجمان یحییٰ السیری کا ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ یافا میں ایک کلیدی ہدف کو ڈرون طیاروں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔ یحییٰ السیری کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل اسرائیل حملے کا سدباب کرتا ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا یا گیا ہے۔ جب تک اسرائیل، غزّہ اور لبنان پر، حملے کرنا بند نہیں کر دیتا ہماری کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ‘‘ 
امریکہ کا اسرائیل کو ایرانی تنصیبات کو نشانہ نہ بنانے کا مشورہ
امریکی صدر جو بائیڈن نےاسرائیل کے ایران کی تیل یا جوہری تنصیبات پر ممکنہ کارروائی کے منصوبے پر اسے مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے۔ اے ایف پی کے مطابق بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں توقع نہیں ہے کہ اسرائیل، ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں پر کسی قسم کی جوابی کارروائی کرے گا۔ 
اسرائیل اوراسکے اتحادیوں  کو ایران کا انتباہ
ایران نے ایک بار پھر دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف تنازع میں خود کو نہ الجھائیں، ورنہ انہیں بھی جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں  ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران نے اقوام متحدہ میں اپنے مشن کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع پر اہم بیان جاری کیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی مشن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ردعمل صرف حملہ آور کے خلاف ہوگا، اگر کسی ملک نے حملہ آور کی مدد کی تو اسے شریکِ جرم اور جائز ہدف سمجھا جائے گا۔ ایرانی مشن کے مطابق ہم دیگر ممالک کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل اور ایران کے تنازع میں خود کو نہ الجھائیں ۔ واضح رہے کہ ایران کا یہ بیان سلامتی کونسل کے ایک اہم اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایرانی سفیرنے کہا تھا کہ اسرائیل پر ایرانی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل۵۱؍ کے تحت اپنے دفاع میں کیا گیا۔ 
ایرانی صدر اور سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات
 سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے دوحہ میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر ایرانی صدر نے سعودی عرب ایران تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے جرائم بے نقاب کرنے میں سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے، اسلامی ممالک اختلافات بھلا کر ہم آہنگی اور بھائی چارے کا سلوک کریں۔ سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی صدر کو سعودی ولی عہد کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے دوستانہ ماحول میں مسائل کے حل اور تعلقات بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK