• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بوریولی :کینسر کے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کیلئے۲؍منزلہ رہائشی عمارت کا افتتاح

Updated: January 14, 2025, 11:01 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

یہاں کینسر کا علاج مفت کیاجائے گا اور بیرون ممبئی سے آنےوالوںکیلئے قیام اور طعام کی سہولیات مہیاکرائی جائیں گی

A view of the inauguration of a building built to house cancer patients and their relatives.
کینسرکے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کے قیام کیلئے بنائی گئی عمارت کے افتتاح کا منظر۔

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) نے تھیلیسیمیا ، پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مریضوںاور ان کے رشتہ داروںکیلئے ایکسیس لائف اسسٹنس فاؤنڈیشن اور لارسن اینڈ ٹوبرو کےاشتراک سے بوریولی مشرق میں قیام اور طعام وغیرہ کی سہولیات مہیاکرائی ہے جس کیلئے تعمیر کی جانے والی۲؍منزلہ عمارت کا منگل کومیونسپل کمشنر   بھوشن گگرانی کے ہاتھوں افتتاح ہوا۔ 
 اس موقع پر بھوشن گگرانی نے کہاکہ ’’پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کسی پروجیکٹ کو کس حد تک مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا سکتا ہے اس کی ایک عمدہ مثال مذکورہ مرکزہے۔ یہ مرکزخاص طور پر ان والدین کیلئے جو اپنے بچوں کے علاج کیلئے دوردراز علاقو ں سے ممبئی آتے ہیں ،  بہت بڑی راحت ہو گی۔
` واضح رہےکہ تھیلیسیمیا کیئر، پیڈیاٹرک بلڈ ڈس آرڈر( کینسر) اور بون میرو ٹرانسپلانٹ ٹریٹمنٹ سینٹر، بی ایم سی کے زیر انتظام  بوریولی مشرق میں جاری ہے جہاں علاج کیلئے آنےو الے مریضوںاور ان کے رشتےداروںکو رہائش کے ساتھ کھانے پینےکی سہولیات فراہم کی جائے گی۔ بالخصو ص بیرون ِ ممبئی سے آنےوالوںکو یہاں رہائش اور طعام وغیرہ کی سہولت مہیاہوگی ۔
   میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی  نے عمارت کی دونوں منزلوں پر مریضوں کے رہائشی کمروں، باورچی خانے، بچوں کیلئے تفریحی سہولیات اور دیگر تمام انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوںنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ’’ حکومت اور سماجی تعاون کے ذریعے ایک بہت ہی عمدہ پروجیکٹ پر عمل کیا جا سکتا ہے ۔ اس کی ایک اچھی مثال میونسپل کارپوریشن کا `یہ تھیلیسیمیا کیئر، پیڈیاٹرک بلڈ ڈس  آرڈرز (کینسر )اور بون میرو ٹرانسپلانٹ ٹریٹمنٹ سینٹر ہے۔ یہ عمارت جس میں بیمار بچے اور ان کے والدین بھی رہتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی ایک بہترین مثال ہے۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ اس عمارت کو وقف کرنے میں کامیاب رہا ہوں۔ دوردراز علاقوں سےعلاج  کیلئے ممبئی آنے والے بچوںاور ان کے اہل خانہ کیلئے رہائش، کھانے اور دیگر انتظامات   ہونے سے   انہیں ان تمام پریشانیوں سے نجات مل جائے گی۔ ان سہولیات کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کے علاج کے بجائے ان کی صحت پر توجہ دے سکیں گے۔‘‘
   ڈاکٹر ممتا منگلانی نے سینٹر  کے بارے میں پوری معلومات فراہم کی۔ یہ بھی بتایاکہ نجی اسپتالوں میں بون میرو ٹرانسپلانٹ پر ۲۵؍ تا ۶۰؍ لاکھ روپے خرچ آتا ہےلیکن اس سینٹر میں یہی علاج مفت میں کیاجاتاہے۔ ‘‘
 ایکسیس لائف اسسٹنس فاؤنڈیشن اور لارسن اینڈ ٹوبرو نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تعمیر کی گئی، اس عمارت میں تمام ضروری سہولیات قائم کرنے کیلئے تعاون فراہم کیا ہے۔ اس ۲؍منزلہ عمارت میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے رہنے کیلئے   ۱۸؍ کمرے ہیں۔ عمارت میں باورچی خانہ ہے۔ وہاں ایک ریفریجریٹر اور برتن بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ عمارت میں بچوں کیلئے لاکر، واشنگ مشین اور تفریحی سہولیات بھی مہیا کرائی   گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK