• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

برازیل غمزدہ، پوری دُنیا کے مداح سوگوار

Updated: December 31, 2022, 10:26 AM IST | brezilya

برازیل میں ۳؍ دن کے قومی سوگ کا اعلان ، شہری سڑکوں پر نکل آئے، دنیا کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے ۳؍ مرتبہ ورلڈ کپ جیتا تھا

The Brazilian footballer Pele, who is called the uncrowned king of football, had made millions crazy with his game. (PTI)
فٹ بال کے بے تاج بادشاہ کہلانے والے برازیلی فٹ بالر پیلے نے اپنے کھیل سے لاکھوں کو اپنا دیوانہ بنارکھا تھا ۔(پی ٹی آئی )

 دنیائے فٹ بال کے لیجنڈ  ، تین بار ورلڈ کپ جیتنے  والے واحد کھلاڑی ، فٹ بال کی تاریخ کے اب تک کے عظیم ترین اور دنیا کے مقبول ترین کھیل  کے ’ماسٹر مائنڈ‘ قرار دئیے جانے والے پیلے ۸۲؍ سال کی عمر میں انتقال کرگئے جس کے بعد پوری دنیا میں ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ۔  انہیں نہ صرف خراج عقیدت پیش کیا جانے لگا بلکہ ان کے ملک برازیل میں کئی شہروں میں ان کے مداح سڑک پر آکر ان کا غم منانے لگے۔پیلے کی بیٹی کیلی ناسیمینٹو نے   انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج فٹ بال جو کچھ بھی وہ آپ کی  بدولت ہے۔ خدا آپ کو ابدی راحت نصیب کرے۔ہم آپ سے بے انتہا پیار کرتے ہیں۔‘‘ ان کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے تین بار کے عالمی فٹ بال چمپئن پیلے کے اعزاز میں تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کردیا ۔ 
 لیجنڈ فٹ بالر پیلے جمعرات کو دیر رات  ۸۲؍سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔  پیلے کینسر سے لڑ رہے تھے۔ انہیں ۲۹؍نومبر کو ساؤ پالو کے البرٹ آئنسٹائن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔  فٹ بال کےبے تاج بادشاہ یا فٹ بال  کےجادوگر بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھےاور ان کے جسم کے بیشتر حصوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔اس سے پہلے دن میں  برازیلی صدر  بولسنارو نے پیلے کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر نے ٹویٹ کیا کہ فٹ بال کے اس عظیم کھلاڑی نے برازیل کو نئی بلندیوں پر لے جاکر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ واضح رہے کہ ستمبر۲۰۲۱ءمیں پیلے کو بڑی آنت کے ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس سال میں وہ تین ٹیومر اور مثانے کے انفیکشن کے علاج کے  لئےدو بار اسپتال میں داخل ہوئے۔ پیلے کو ۳۰؍نومبر کو دل کے مسائل سمیت جسم میں سوجن کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ بعد میں بتایا گیا کہ پیلے کو کیموتھراپی دی گئی جس کے کوئی تسلی بخش نتائج نہیں ملے۔حال ہی میں قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے آغاز پر پیلے نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی اورحمایت  کے لئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔
  یاد رہے کہ ۱۹۹۹ءمیں عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے ایڈیسن ارانٹس ناسیمینٹو عرف پیلے کو صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا ۔ پیلے دنیا کی تاریخ کے واحد فٹ بالر ہیں جنہوں نے ۱۹۵۸ء،۱۹۶۲ء اور ۱۹۷۰ء کے ۳؍ ورلڈ کپ جیتا تھا ۔ او ری (دی کنگ) کے نام سے مشہور  پیلے نے۱۹۷۷ء میں  فٹ بال سے سبکدوش ہونے سے قبل اپنے شاندار  اورافسانوی کیریئر میں ایک ہزار سے زیادہ گول  کئے۔
  ۲۳؍اکتوبر۱۹۴۰ءکوبرازیل کے جنوب مشرقی شہر تريس كاراكوس میں پیدا  ہونے والے پیلے اپنے غریب  خاندان کی کفالت کیلئے سڑکوں پر مونگ پھلی بیچتے تھے۔ان کے  والدین نے ان کا نام مشہور امریکی موجد تھامس ایڈیسن کے نام پر رکھاتھا تاہم  جلد ہی ان کا نام پیلے پڑ گیا، ان کا یہ نام پڑنے کی وجہ واسکو ڈی ساؤ  لورینکو جہاں ان کے والد فٹ بال کھیلا کرتے تھے ، کے ایک گول کیپر بائل کا  نام غلط لینے کی وجہ سے پڑا۔پیلے نے اپنے کھیل کے ذریعے ۱۵؍سال کی عمر  میں ہی  دنیا کو حیران کردیا تھا جب انہوں نے سینٹوس کے ساتھ بطور پیشہ ور فٹ بال کھیلنا شروع کیا انہوں نے کلب کو کئی ٹائٹل میں فتح دلائی ۔وہ کھیل کے دوران اپنی ذہانت کا استعمال کرنے کی وجہ سے بھی مشہور تھے اور اسی وجہ سے حریف ٹیموں کو زچ کردیتے تھے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK