ملبارہل ،نیپینسی روڈ،پیڈرروڈ ،آگری پارہ ، تاڑدیواور مہالکشمی وغیرہ کے شہریوں کو سہولت ہوگی
EPAPER
Updated: February 06, 2023, 11:12 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ملبارہل ،نیپینسی روڈ،پیڈرروڈ ،آگری پارہ ، تاڑدیواور مہالکشمی وغیرہ کے شہریوں کو سہولت ہوگی
: شہر سے مضافات کیلئے بذریعہ گاڑی سفر کرنے والوں کیلئے ۱۶ء۸؍ کلومیٹر طویل ایسٹرن فری وے آسان راستہ ہے جو چمبور پر ختم ہوتا ہے اور بی ایم سی نے گرانٹ روڈ سے پی ڈیمیلو روڈ پر فری وے تک پہنچنے کیلئے ایلیویٹڈ (زمین سے اوپر) روڈتعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک کی تجارتی راجدھانی میں سڑک کے ذریعہ سفر کو آسان بنانے کیلئے کئی پروجیکٹ جاری ہیں جن میں ممبئی ٹرانس ہاربر لنک روڈ (ایم ٹی ایچ آر) بھی شامل ہے جو سیوڑی علاقے میں ایسٹرن فری وےسے بھی جڑے گا جس سے نوی ممبئی ایئرپورٹ پہنچنا مزید آسان ہوجائے گا۔
ایسٹرن فری وے کا ایک سرا ہاربرلائن پر پی ڈیمیلو روڈ پر واقع ہے اس لئے ملبار ہل، نیپینسی روڈ، پیڈر روڈ، الٹامائونٹ روڈ، بھولابھائی دیسائی روڈ، آگری پاڑہ، مہالکشمی، تاڑدیو اور گرانٹ روڈ جیسے متعدد علاقوں سے ایسٹرن فری وے پہنچنے کیلئے ناگپاڑہ، کلیئرروڈ، جے جے یا پھر ڈونگری کے زبردست ٹریفک سے گزرنا پڑتا ہے جس میں بہت زیادہ وقت اور ایندھن صرف ہوجاتا ہے ۔بڑی تعداد میں ان علاقوں میں رہائش پذیر افراد فری وے استعمال کرنے کے بجائے براہِ راست بائیکلہ اور پھر پریل کا راستہ اپناتے ہیں جس کی وجہ سے اس راستے پر ٹریفک میں اتنی کمی نہیں آئی ہے جتنی فری وے کی تعمیر سے آنی چاہئے تھی۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے بی ایم سی نے گرانٹ روڈ سے پی ڈیمیلو روڈ پر واقع ایسٹرن فری وے تک پہنچنے کیلئے ایک ایلیویٹڈ روڈ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ٹریفک میں پھنسے بغیر یہاں تک پہنچاجاسکے گا۔ اس منصوبے کو منظور ہونے کیلئے ابھی چند مراحل سے گزرنا باقی ہے۔ اس سڑک کی تعمیر پر ۷۴۳؍ کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ فی الحال مذکورہ علاقوں سے پی ڈیمیلو روڈ پر پہنچنے میں آدھے گھنٹے سے ۵۰؍ منٹ تک کا وقت صرف ہوجاتا ہے جو ایلیویٹڈ سڑک کے ذریعہ ۷؍ سے ۸؍ منٹ میں طے ہوسکے گا اور ایسی امید کی جارہی ہے کہ اس بریج کی تعمیر کے بعد اس پر سے روزانہ ۲۳؍ ہزار سے زیادہ گاڑیاں گزریں گی۔