لکھیم پوری کھیری جیسا سانحہ ، والدہ کی دوا لینے نکلے۲؍ نوجوان جاں بحق ، کئی زخمی،قافلے میں شامل کار کی وجہ سے حادثہ پیش آیا،ڈرائیور گرفتار ، مقامی افراد کا زبردست احتجاج
EPAPER
Updated: May 30, 2024, 7:20 AM IST | Gonda
لکھیم پوری کھیری جیسا سانحہ ، والدہ کی دوا لینے نکلے۲؍ نوجوان جاں بحق ، کئی زخمی،قافلے میں شامل کار کی وجہ سے حادثہ پیش آیا،ڈرائیور گرفتار ، مقامی افراد کا زبردست احتجاج
قیصر گنج سے بی جے پی امیدواراور ممبرپارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے بیٹے کرن سنگھ کے قافلے میں شامل ایک تیزرفتار لگژری کار نے گونڈہ میںکرنیل گنج حضور پورروڈ پرموٹرسائیکل سوار دونوجوانوں کو شدید ٹکر مار دی جس سے دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ چند افراد جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیںبھی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے ۔ شدید زخمی خاتون کو کرنیل گنج سے ضلع اسپتال ریفر کردیا گیاہے۔ اس حادثے نے لکھیم پور کھیری سانحہ کی یاد دلادی جس میں رکن پارلیمنٹ اجے مشرا کے بیٹے کی کار نے کئی کسانوںکو کچل دیا تھا ۔ اس حادثے میں برج بھوشن کے بیٹے کے قافلے کی کار شامل تھی اور گائوں والوں کا کہنا ہے کہ کرن سنگھ اس قافلے میں موجود تھا ۔بہر حال یہ برج بھوشن کے لئے بڑا جھٹکا ہے کیوں کہ وہ خود اس وقت جنسی ہراسانی کے معاملے میں پھنسے ہوئے ہیں اور ایسے میں ان کے بیٹے کے قافلے کار سے اتنا خطرناک حادثہ پیش آجائے تو ان کے لئے تشویش کی بات ہونی چاہئے۔
ادھر حادثے کے بعد ہونے والی بھیڑ نے روڈ جام کرکے احتجاج بھی کیاہے اور نعرے بازی بھی کی ہے۔بتایاجاتاہےکہ بدھ کو صبح۹ ؍ بجے کے آس پاس موٹرسائیکل سوار ریحان جاوید خان (۱۷)اور شہزاد (۲۴) اپنی والدہ کی دوائی لینے میڈیکل اسٹور جارہے تھے کہ تبھی بس اسٹیشن کے سامنے دوسری جانب سے انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ آرہی ایک لگژری کار نے انہیں زور دار ٹکر ماری دی۔ٹکر اتنی زوردار تھی کہ دونوںکئی فٹ اچھل کر دور جاگرے اور موقع پرہی ان کی موت ہوگئی۔ دوسری طرف گاڑی کی زد میں آنے سے سڑک سے گزررہیں ایک ۶۰؍ سالہ خاتون بھی شدید طور پر زخمی ہوگئیں اور آس پاس کے چند لوگوں کو بھی چوٹ آئی ۔ حادثہ کے بعدموقع پر جمع بھیڑ نے کار ڈرائیور کو گھیر لیا اور اس کی پٹائی کردی۔ اس کار پر پولیس ایسکورٹ لکھا ہوا تھا ۔ اس کے فوراً بعد پولیس وہاں پہنچ گئی جس کی مقامی افراد سے کافی تو تو میں میں ہوئی کیوں کہ مقامی لوگ ڈرائیور کو چھوڑنے یا پولیس کی حراست میں دینے کے لئے تیار ہی نہیں تھے۔ آخر کار پولیس نے کافی سمجھانے بجھانے کے بعد ڈرائیورکو اپنی حراست میں لے لیا اور کارکو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ساتھ ہی پنچنامہ کرکے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے ۔ امکان ہے پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں مسلم نوجوان کی تدفین جمعرات کی شام یا جمعہ کو عمل میں آئے گی۔اس معاملہ کی حساسیت کودیکھتے ہوئے کئی تھانوں کی پولیس اور زائد فورس تعینات کردی گئی ہے۔ ایڈیشنل ایس پی ، سی او کرنیل گنج ، ایس ڈی ایم اور تحصیل دار موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔
اس بارے میںمتوفی ریحان کی ماں چندہ بیگم نے فارچیونر گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف کوتوالی کرنیل گنج میں تحریری شکایت درج کرائی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریحان اور ان کا بھانجا شہزاد ،ان کی دوائیاں لینے میڈیکل اسٹور جارہے تھے جو گھر سے دوری پر واقع ہے۔ انہیں بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ان کے ساتھ ایسا حادثہ پیش آجائے گا۔ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میںکرن سنگھ کے خلاف بھی کیس درج کیا جائے۔ اس بارے میںایڈیشنل ایس پی منوج کمار راوت نے بتایا ہے کہ حضور پور روڈ پر ہوئے سڑک حادثے میںدو نوجوانوں کی موت ہوئی ہے اور ایک خاتون زخمی ہوئی ہیں ۔لاش کو قبضے میں لےکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا ہے اور حالات پرامن ہیں ۔ڈرائیور کوحراست میں لیا گیا ہے اور گاڑی بھی قبضے میں لی گئی ہے ۔فی الحال علاقے میں امن ہے لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے پورے گائوں اور اطراف کے علاقوں میں بھی زائد فورس تعینات رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔