• Mon, 03 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بجٹ میں ممبئی کے لاکھوں ریل مسافر پھر نظر انداز!

Updated: February 03, 2025, 1:30 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

پسنجرس اسوسی ایشن برہم، کہا: ممبئی سے سب سے زیادہ آمدنی ہونے کے باوجود یہاں مسافروں کو راحت پہنچانے کیلئے کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا ہے۔

The local train is very crowded during the morning and evening peak hours. Photo: INN
صبح اور شام کے مصروف اوقات میں لوکل ٹرین میں کافی بھیڑبھاڑ رہتی ہے۔ تصویر: آئی این این

قومی بجٹ میں ممبئی کے لاکھوں ریل مسافروں کو پھر نظر انداز کرنے کا پسنجرس اسوسی ایشن کے ذمہ داران نے الزام عائد کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ آمدنی ممبئی سے ہوتی ہے اور محض لوکل ٹرینوں میں ۷۵؍تا ۸۰؍لاکھ مسافر اپنی منزل تک پہنچتے ہیں، اس کے باوجود اتنی بڑی تعداد کو نظر انداز کردیا گیا اور ان کی سہولت کے تئیں کوئی منصوبہ نہیں بنایاگیا۔
 ریلوے یوزرس کنسلٹیٹیو کمیٹی کے سابق رکن منصور عمر درویش نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہے جب ریلوے کا کوئی خاص ذکر نہیں کیا گیا اور ممبئی کو تو بھلا ہی دیا گیا‌۔ حالانکہ سب سے زیادہ آمدنی ممبئی سے ہوتی ہے اور مسافروں کی تعداد بھی پورے ملک کے مسافروں کی مجموعی تعداد سے زیادہ ہے پھر بھی ان کی راحت کیلئے کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا ۔ آخر ممبئی واسیوں کے ساتھ وزیر خزانہ کا سوتیلا سلوک کیوں؟ 
 ریل پسنجرس اسوسی ایشن کے سابق سربراہ سمیر زویری نے کہا کہ ممبئی کو جان بوجھ کر چھوڑ دیا گیا۔ نہ تو لوکل ٹرینوں کے مسافروں کا ذکر ہے اور نہ ہی طویل مسافتی ٹرینوں کا تذکرہ‌ ۔  مسافروں کی حفاظت پر کسی لائحہ عمل کا بھی کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ساری توجہ وندے بھارت ٹرینوں پر کی جارہی ہے۔ ایسے میں اہم سوال ہے کہ وندے بھارت ٹرین سے ممبئی کے اور بالخصوص غریب مسافر کتنا فائدہ اٹھاسکیں گے۔ کہیں وہ بھی امیروں کیلئے ہی تو لائی جارہی ہیں۔
 ریل یوزرس کنسلٹیٹیو کمیٹی کے سابق رکن اکبر خان نے بھی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ نرملا سیتا رمن کو شاید ممبئی اور ممبئی والے یاد ہی نہیں آئے، حالانکہ اس جانب خاص توجہ کی ضرورت ہے تاکہ بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور مسافروں کو کچھ راحت مل سکے، اس کے باوجود حکومت بغل بجارہی ہے کہ بہت اچھا بجٹ پیش کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK