پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل آل پارٹی میٹنگ کا انعقاد، تمام پارٹیوں کا ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے کاوعدہ لیکن متنازع امور پر ہنگامہ یقینی
EPAPER
Updated: January 30, 2025, 11:33 PM IST | New Delhi
پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل آل پارٹی میٹنگ کا انعقاد، تمام پارٹیوں کا ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے کاوعدہ لیکن متنازع امور پر ہنگامہ یقینی
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جبکہ یکم فروری یعنی سنیچر کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ جمعہ کو ہی صدر جمہوریہ کا خطاب ہو گا اور اس کے بعد ملک کا اقتصادی سروے پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ وزیر مالیات نرملا سیتا رمن کا لگاتار آٹھواں بجٹ ہو گا اور اس کے ذریعے وہ ریکارڈ بھی قائم کرلیں گی لیکن اس سے قبل حکومت کی جانب سے آل پارٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا تاکہ تمام پارٹیوں کے لیڈران کے درمیان ایوان کو بحسن و خوبی چلانے کیلئے اتفاق رائے قائم کیا جاسکے۔
اس تعلق سے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ حکومت نے بجٹ اجلاس شروع ہونے سے پہلے کل جماعتی میٹنگ بلائی تھی جس میں مختلف پارٹیوں کے ایوان قائدین سے درخواست کی گئی کہ وہ اجلاس کو پرامن طریقے سے چلائیں۔ تمام مسائل پر صحت مندانہ بحث کی درخواست کی گئی ہے جس پر تمام جماعتوں کے قائدین نے مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔
رجیجو نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ میٹنگ مکمل طور پر نتیجہ خیز رہی اور تمام پارٹیوں کے ایوان قائدین نے میٹنگ میں ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اتفاق کیا ہے۔ میٹنگ کی صدارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کل جماعتی میٹنگ میں ۳۶؍ جماعتوں کے ۵۲؍ لیڈروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ۱۶؍ نئے بل لائے جائیں گے جبکہ ۱۹؍ بل پہلے ہی فہرست میں ہیں۔