Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آج سے مہاراشٹراسمبلی کا بجٹ اجلاس، اپوزیشن کے تیور سخت، چائے پارٹی کا بائیکاٹ کیا

Updated: March 03, 2025, 11:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جلگاؤں میں مرکزی وزیر کی بیٹی کے ساتھ چھیڑ خانی کے معاملے پر ایوان میں ہنگامہ یقینی، حکومت حزب اختلاف کے سوالوں کے جواب دینے کیلئے پُرعزم۔

Ambadas Danve, Leader of the Opposition in the Maharashtra Assembly. Photo: INN
مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امبا داس دانوے۔ تصویر: آئی این این

پیر سے مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل ایک طرف جہاں  حکومت نے پریس کانفرنس کرکے اپوزیشن کے ہر سوال کا جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے وہیں  اپوزیشن نے وزیراعلیٰ  کی روایتی چائے پارٹی کا بائیکاٹ کر کے واضح اشارہ دیا کہ وہ ایوان میں  حکمراں  محاذ سے سخت سوال پوچھنے کے موڈ میں  ہے۔ اس بیچ جلگاؤں کے مکتائی نگر میں مرکزی وزیر رَکشا کھڑسےکی بیٹی کے ساتھ چھیڑ خانی کے معاملے نے حکومت کو خفت میں  مبتلا کردیاہے۔ 
 اپوزیشن نے اتوار کو ہی اس معاملے میں  حکومت کو گھیرتے ہوئے اسے خواتین کے تحفظ کے معاملے میں  قطعی ناکام قراردیا ہے۔ اتوار کی دوپہر اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے کی سرکاری رہائش گاہ اجنکیاتارا میں مہاوکاس اگھاڑی کی میٹنگ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے لیڈروں نے ریاست پرگھپلوں، مظالم اور دھوکہ دہی کے الزامات لگائے۔ ساتھ ہی رکشا کھڑسے کی بیٹی کے ساتھ چھیڑ خانی اور پونے میں  ایس ٹی بس میں  خاتون کی آبروریزی کا معاملہ شدت کے ساتھ اٹھایا۔ 
 میٹنگ میں شیوسینا (ادھو ) کےلیڈر آدتیہ ٹھاکرے، چیف وہب سنیل پربھو، ایم ایل اے بھاسکر جادھو، کانگریس قانون ساز پارٹی کے ڈپٹی لیڈر امین پٹیل، ایم ایل سی بھائی جگتاپ، این سی پی(شرد پوار)کے گروپ لیڈر ایم ایل اے جتیندر اوہاد، اور کانگریس کے شریش کمار نائک نے شرکت کی۔ امباداس دانوے نے کہا کہ ’’سوارگیٹ ایس ٹی بس ڈپو میں نوجوان خاتون کی عصمت دری کے واقعہ کی مذمت کرنے کے بجائے وزیر داخلہ نے غیر حساس بیان دیا ہے۔ ایسے وزراء کو کابینہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ‘‘ 

 انہوں نے نشاندہی کی کہ ’’ بیڑ کیس کے ایک ملزم والمک کراڈ کو جیل میں وی آئی پی سروس دی جاتی ہے۔شراب بندی کے دوران ضلع وردھا میں۷؍ ہزار جرائم درج ہوئے ہیں، حکومت اس پر کوئی موقف نہیں اختیار کر رہی ہے۔‘‘ دانوے نے شکایت کی کہ ’’ مساجوگ کے سرپنچ سنتوش دیش مکھ کے قتل کے ۲؍ماہ بعد بھی کلیدی ملزم کرشنا آندھالے ابھی تک فرار ہے۔ مورخ اندرجیت ساونت کو دھمکیاں دینے والے شانت کوراٹکر کو حکومت تحفظ دے رہی ہے۔ ‘‘  اپوزیشن لیڈر نےکہا کہ دوسری ریاستوں کے مقابلے گاڑیوں کی جدید نمبر پلیٹ لگانے کیلئے  مہاراشٹر میں عوام سے زیادہ فیس وصول کی جارہی ہے، محکمہ زراعت میں منتقلی میں بدعنوانی، سابق وزیر تانا جی ساونت کے بیٹے کو واپس لانے کے لئے حکومت کی تیاری، لاڈلی بہن اسکیم میں جاری کٹوتیوں اور لاڈلا بھائی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کو پیسے نہیں مل رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر ایم ایل سی بھائی جگتاپ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی ہے اور رسم و رواج کے درمیان ٹکراؤ ہے۔اپوزیشن اور حکمران جماعت کے درمیان مذاکرات کا نہ ہونا سیاسی طور پر جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ یہ صورتحال ریاست کے لیے موزوں نہیں ہے۔ این سی پی (شرد پوار) کے گروپ لیڈرجتیندر اوہاڑ نے کہا کہ حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان روایت اور کلچر ختم ہو رہا ہے اور ہمارا موقف یہ رہے گا کہ جب تک یہ بات چیت نہیں ہوتی چائے پارٹی  کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ’’اس حکومت کے دور میں سڑکوں، پانی اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کی تعمیر میں بھی گھپلے ہوئے ہیں۔
 شیوسینا ( ادھو)لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ اگر کابینہ میں کوئی قصوروار ہے تو ان کے خلاف کارروائی کریں، ہم ان کی حمایت کریں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ خواتین پر مظالم کی روک تھام کیلئے بنائے گئے قانون ‘شکتی‘ کو صدر نے واپس بھیج دیا ہے ۔یہ حکومت کی طرف سے ناکامی ہے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ ’’اقتدار میں شامل تینوں فریقوں میں اس بات پر جھگڑا ہے کہ ضلع کے نگراں وزیر کون  ہوگا؟ اور اس کے بعد مالک وزیر کون ہے اس پر جھگڑا ہوگا۔لیکن ہم مہاراشٹر کے عوام کے  مفاد کے لئے بحث کر رہے ہیں۔ ایک طرح سے خود غرضانہ سیاست چل رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK