طلبہ کو نیک خواہشات پیش کرنے کے ساتھ نقل نہ کرنے کی اپیل کی، سینٹر پر ’نقل سے پاک امتحان‘ کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
EPAPER
Updated: February 12, 2025, 11:11 AM IST | Ali Imran | Buldhana
طلبہ کو نیک خواہشات پیش کرنے کے ساتھ نقل نہ کرنے کی اپیل کی، سینٹر پر ’نقل سے پاک امتحان‘ کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
منگل کے روز ۱۲؍ ویں کے بورڈ امتحانات شروع ہو گئے۔ اس دوران وزیر مملکت برائے تعلیم پنکج بھوئیر نے ضلع بلڈانہ کے شیگاؤں کے ایک ایگزام سینٹر پہنچے اور امتحان کے انعقاد کا جائزہ لیا۔
اطلاع کے مطابق پنکج بھوئیر شیگاؤں میں ایک مذہبی ادارے میں کسی تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ ساتھ ہی وہ ودربھ کے نگری کو آپریٹیو بینک میں ایک تقسیم انعامات کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔ اسی دوران انہیں یاد آیا کہ آج (منگل کو) ۱۲؍ ویں کے امتحانات شروع ہو گئے ہیں لہٰذا وزیر مملکت برائے تعلیم ہونے کے ناطے انہوں نے اپنے قافلے کا شیگاؤں کے گیانیشور مسکوجی بُرونگلے آرٹس اینڈ سائنس جونیئر کالج کی طرف موڑ دیا۔
واضح رہے کہ اس بار بورڈ امتحانات میں ’نقل سے پاک امتحان ‘ مہم چلائی جا رہی ہے۔ لہٰذا نقل سے پاک امتحانات واقعی منعقد کئےجا رہے ہیں یا نہیں ؟ پنکج بھوئیر شاید اسی کی تصدیق کرنا چاہتے تھے۔ اس دوران انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پرامن طریقے سے امتحان دیں۔ نیز امتحانی مرکز کے افسران، عملہ، اساتذہ اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ نقل سے پاک مہم میں حصہ لے کر تعاون کریں۔ اس موقع پر پرنسپل میناکشی بُرونگلے اور سپروائزر شیواجی نیلے نے پنکج بھوئیرکو گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ اس سال بھی ضلع انتظامیہ کی مدد سے ہر امتحانی مرکز پر ٹیمیں تعینات کی گئیں تاکہ نقل اور دیگر مشتبہ سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ پہلا پرچہ انگریزی کا تھا امتحان صبح ۱۱؍بجے سے شروع ہوا۔ پریکٹیکل، زبانی اور داخلی امتحانات ۴؍جنوری سے ۱۰؍فروری تک لئے جا چکے ہیں۔ جبکہ تحریری امتحان ۱۱؍فروری سے ۱۸؍مارچ تک ہوگا۔