ضلع کے کھام گاؤں اور شیگاؤں ہائی وے پر بدھ کی علی الصباح ایک بھیانک حادثہ پیش آیا ہے۔ایس ٹی بس ،بولیر اور لگژری بس کے تصادم میں ۵؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 03, 2025, 10:10 AM IST | Buldhana
ضلع کے کھام گاؤں اور شیگاؤں ہائی وے پر بدھ کی علی الصباح ایک بھیانک حادثہ پیش آیا ہے۔ایس ٹی بس ،بولیر اور لگژری بس کے تصادم میں ۵؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ضلع کے کھام گاؤں اور شیگاؤں ہائی وے پر بدھ کی علی الصباح ایک بھیانک حادثہ پیش آیا ہے۔ایس ٹی بس ،بولیر اور لگژری بس کے تصادم میں ۵؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ ۱۵؍ سے زائد افراد زخمی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوراً پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ بھیانک حادثہ کھام گاؤں سے شیگاؤں ہائی وے پر جئے پور لانڈے گاؤں کے نزدیک پیش آیا ہے۔پولیس ذرائع سے حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق بولیرو گاڑی کھام گاؤں کی طرف تیزرفتاری سے جارہی تھی۔ جبکہ ایس ٹی بس امراوتی ضلع سے پرتواڑہ شہر کی طرف جارہی تھی۔عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ بس اور بولیرو اچانک آپس میں ٹکرائیں،جس وقت یہ حادثہ ہوا پیچھے سے پرائیویٹ لگژری بس(اندریانی ٹراویلس) آرہی تھی جو ناسک سے امراوتی جارہی تھی، وہ بھی ان گاڑیوں سے بری طرح ٹکرائی۔ ان تین گاڑیوں کا تصادم اتنا شدید تھا کہ زوردار آواز آئی۔ کچھ مسافر تنکوں کی طرح گاڑی سے دور جاگرے۔تصادم کی آواز اورزخمی مسافروں کی آہ و بکا سن کر گاؤں والے اور جائے حادثہ پر موجود افراد مدد کو دوڑے۔ حادثےکی اطلاع پولیس کو دی گئی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ اس دلدوز حادثے کے سبب ہائی وے پر ڈیڑھ دوگھنٹے تک ٹریفک نظام متاثر رہا۔ رپورٹ کے مطابق بولیرو میں سوار چارافراد اور لگژری بس کے ایک مسافر کو شدید چوٹیں آئیں اور انہوں نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑدیا ہے۔ جبکہ ۱۵؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی کھام گاؤں پولیس اسٹیشن کے انچارج راجو پوار اور دیہی پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی۔ زخمیوں کو بغرض علاج کھام گاؤں کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔