Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ناگپور میں بلڈوزر ایکشن، عدالت سخت برہم، فوری روک لگائی

Updated: March 25, 2025, 10:08 AM IST | Nagpur

مگرتب تک تشدد کے’’ ماسٹر مائنڈ‘‘ بنائے گئے فہیم خان کا گھر منہدم ہوچکاتھا، عدالتی حکم پرساتھی ملزم کے گھر کا انہدام روکا گیا، سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس پر شدید تنقیدیں۔

The Nagpur Municipal Corporation reduced Fahim Khan`s house to rubble on Monday morning. Photo: PTI
ناگپور میونسپل کارپوریشن نے پیر کی صبح فہیم خان کے مکان کو ملبہ میں تبدیل کردیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

بلڈوزر ایکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات اور رہنما خطوط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے  پیر کو ناگپور انتظامیہ نے  پولیس کے ذریعہ تشدد کے ’’ماسٹر مائنڈ‘‘بنائے گئے فہیم خان کے گھر پر بلڈوزر  چلادیا۔وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کی دھمکی کے بعد کی گئی  اس کارروائی کے دوران ہی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا جس کے بعد کورٹ نے فوری طور پر اس پر روک لگادی۔تب تک فہیم خان کا مکان   ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکاتھا جبکہ ساتھی ملزم  یوسف شیخ عبدالحفیظ شیخ جس کا انہدام جاری تھا، کا کچھ حصہ بچ گیا۔ سپریم کورٹ کے واضح  احکامات کی کھلی خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس  پر شدید تنقیدیں ہورہی ہیں۔ عدالت نے اگلی سماعت سے قبل اس معاملے میں ناگپور انتظامیہ سے جواب طلب کیا ہے۔ 
من مانی کا مظاہرہ
ناگپور فساد کے بعد یہاں  کے  دورے   میں  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایک پریس کانفرنس  میں دھمکی دی تھی کہ مبینہ فسادیوں کے گھروں پر بلڈوزر چلا یا جائے گا اور سرکاری و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کی بھرپائی ان سے کروائی جائے گی  نیز ان کی املاک ضبط کی جائیں گی۔  وزیر اعلیٰ  کی دھمکی کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ناگپور  میونسپل کارپوریشن   پیر ۲۴؍مارچ کی صبح تقریباً  ۱۰؍ بجے محل علاقے میں واقع فہیم خان کے گھر پر بلڈوزر کے ساتھ پہنچ گئی اور انہدامی کارروائی شروع کر دی۔ اس  انہدام کا جواز پیدا کرنے کیلئے  ۲؍ روز قبل  ۲۲؍ مارچ کو غیر قانونی تعمیرات سے متعلق نوٹس جاری کیاگیاتھا ۔  نوٹس پر کسی جواب کو سنے بغیر یشودھرا نگر کی سرحد سے متصل سنجے باغ کالونی میں ۲؍منزلہ عمارت پر  پیر  انہدامی کارروائی شروع کر دی گئی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ نوٹس ملنے بعد فہیم خان کے اہل خانہ خوفزدہ  ہوکر ایک دن پہلے ہی گھر چھوڑ کر رشتہ داروں کے یہاں منتقل ہوچکے تھے۔ پیر کی صبح میونسپل کارپوریشن کے انسداد تجاوزات اسکواڈ کے   سنجے باغ کالونی پہنچنے سے پہلے ہی بجلی محکمہ کے ذریعے مکان کا بجلی کنکشن کاٹ دیا گیا۔ اس کارروائی سے قبل پولیس نے سنجے باغ کالونی کو چاروں طرف سے گھیر کر سیل اور پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا تھا۔ میڈیا کے علاوہ اس علاقے میں کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 
عدالت میں شنوائی، فوری روک
انہدامی کارروائی اور نوٹس کے  خلاف فہیم خان جو جیل میں ہیں، کی والدہ ۶۹؍ سالہ مہروالنساء  نے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ سے رجوع کیا تھا جس پر پیر کو فوری سماعت ہوئی اور کورٹ نے  انہدامی کارروائی پر روک لگادی مگر تب تک فہیم خان کا مکان منہدم کیا جاچکاتھا۔ باالفاظ دیگر انتظامیہ  اپنے مقصد میں کامیاب ہوچکاتھا البتہ انہدامی کارروائی کا فائدہ یہ ہوا کہ یوسف شیخ عبدالحفیظ شیخ کے مکان کا انہدام بیچ میں ہی روک دیا گیا۔ یوسف عبدالحفیظ کو بھی پولیس نے ناگپور میں  پھوٹ پڑنے والے تشدد کا ملزم بنایا ہے۔   
مہرالنساء نے اپنی پٹیشن میں انہدامی  کارروائی کو من مانی اور بلڈوزر ایکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے  رہنما خطوط کی کھلی خلاف ورزی قراردیا۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مکان کی تعمیر  ۲۰۰۳ء میں تعمیراتی منصوبے کی منظوری حاصل  کرنے کے بعد کی گئی ہے نیز تعمیر ضروری   محصولات بھی ادا کئے گئے ہیںاوراس کے بعد سے  ۲۲؍ مارچ کے نوٹس سے پہلے انتظامیہ نے کبھی کوئی اعتراض نہیں کیاتھا۔ اس کا نوٹس لیتے  ہوئے ہائی کورٹ نے  بلڈوزر کارروائی پر فوری روک لگادی  اور میونسپل کارپوریشن کو ایک ہفتہ کے اندر اپنا جواب پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ 
عدالت کے سخت سوالات 
بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ  میں  معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس نتن سامبرے اور روشالی جوشی  نے ناگپور انتظامیہ سے سخت سوالات  کئے۔ عدالت نے انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ انہدامی کارروائی سے قبل متاثرہ  فریق کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع کیوں نہیں  دیا گیا۔ واضح رہے کہ نوٹس ۲۲؍ مارچ کو دیاگیاتھا جو سنیچر کو دن تھا۔ جواب کیلئے ۲۴؍ گھنٹے کا وقت  دیا گیاتھا مگر اتوار ہونے کی وجہ سے تکنیکی طور پر جواب  دیا نہیں جاسکتا تھا اور پیر کو اس سے پہلے کہ نوٹس کا کوئی جواب دیا جاتا ، بلڈوزر انہدامی کارروائی کیلئے پہنچ گئے۔  عدالت نے اسے انتظامیہ کی من مانی سے تعبیر کیا اور سخت برہمی کا اظہار بھی کیا۔ ایڈوکیٹ اشوین اِنگولے  جنہوں نے فہیم خان کی والدہ کی جانب سے عدالت میں پیروی کی، نےبتایا کہ عدالت نے میونسپل کارپوریشن سے ایک ہفتے میں جواب مانگا ہے اور ۱۵؍ اپریل کو اگلی سماعت کافیصلہ کیا ہے۔ 
ملزم بنائے گئے شخص کی ۲؍ دکانیں سیل 
مہاراشٹر حکومت واضح طو رپر اتر پردیش کی یوگی سرکار کے پیٹرن پر کام کرتی نظر آرہی ہے جس کی مثال اس سے پہلے مہاراشٹر میں کبھی نہیں ملی۔  کلیدی ملزم بنائے گئے فہیم   خان اوران کے ساتھی     یوسف شیخ   کے مکانات  پر بلڈوزر کارروائی کے ساتھ ہی  ایک اور ملزم شاہین امین کی ۲؍دکانیں سیل کر دی گئیں۔  وزیراعلیٰ فرنویس کا لب ولہجہ بالکل وہی ہے جو یوگی آدتیہ ناتھ کا ہوا کرتا ہے۔  اس بیچ این سی پی لیڈر اور نائب وزیراعلیٰ  اجیت پوار  پر سوال اٹھ رہے ہیں جنہوں نے گزشتہ دنوں ایک افطار پارٹی میں کہاتھا کہ وہ مسلمانوں کے خلاف اٹھنے والی آنکھ کو برداشت نہیں کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK