۲۰۲۴ء میں لگ بھگ ۳؍لاکھ ۲؍ہزار ہاؤسنگ یونٹ لانچ، سب سے زیادہ مانگ کے معاملے میں ممبئی، بنگلور اور حیدرآباد سرفہرست۔
EPAPER
Updated: January 22, 2025, 1:36 PM IST | Agency | New Delhi
۲۰۲۴ء میں لگ بھگ ۳؍لاکھ ۲؍ہزار ہاؤسنگ یونٹ لانچ، سب سے زیادہ مانگ کے معاملے میں ممبئی، بنگلور اور حیدرآباد سرفہرست۔
ہندوستان میں پرتعیش اور جدید سہولیات سے لیس مکانات کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ ریئل اسٹیٹ کنسلٹنسی فرم جے ایل ایل کی تازہ رپورٹ اس بات کی تائید کررہی ہے کہ ملک میں پریمیم سیگمنٹ کےمکانات کی مانگ بڑھتی جارہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ۲۰۲۴ء میں جتنے بھی اپارٹمنٹس فروخت کئے گئے ہیں ان میں ۵۰؍فیصد سے زائد کی قیمت ایک کروڑ روپے یا اس سے زیادہ رہی۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے جس سےاندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں خریداروں کی پہلی پسند میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔
’جے ایل ایل انڈیا‘ کے چیف اکنامسٹ اور ریسرچ ہیڈ ڈاکٹر سمنتک داس نے بزنس اسٹینڈرڈ سےبات چیت میں کہا کہ ۲۰۲۳ء کے مقابلے پریمیم سیگمنٹ(۵-۳؍ کروڑ روپے) میں ۸۶؍ فیصد اور لگژری سیگمنٹ (۵؍کروڑ روپے اور اس سے زائد) میں ۸۰؍ فیصد تک کی زبردست تیزی درج کی گئی ہے۔ اسکی متعدد وجوہات ہیں، جیسے کہ ملک میں دولتمند افراد کی تعداد بڑھی ہے، ڈسپوزیبل انکم بڑھی ہے، اسکے ساتھ ہی متمول لوگ اب بڑے ، ماڈرن اور ہائی ٹیکنالوجی گھروں کو ترجیح دینے لگے ہیں۔
اسی طرح سے۵-۳؍ کروڑ روپے کے سیگمنٹ والے لگژری اپارٹمنٹ کی فروخت میں ۸۶؍فیصد تک کا اضافہ ہواہے۔ ۲۰۲۴ء میں ہونیوالی کل فروخت میں اسکی ۹؍فیصد کی حصہ داری تھی، جبکہ ۲۰۲۳ء میں اس کا تعاون صرف ۵؍ فیصد تھا۔ اتنا ہی نہیں ۵؍ کروڑ روپے سے اوپر کے لگژری سیگمنٹ میں بھی ۸۰؍ فیصد تک کی برتری دیکھی گئی جو ۲۰۲۴ء میں کل فروخت کا ۵؍ فیصد رہا۔۲۰۲۳ء میں یہ صرف ۳؍فیصد تھی۔ ۲۰۲۴ء میں لگ بھگ ۳؍لاکھ ۲؍ہزار ہاؤسنگ یونٹ لانچ کئے گئے۔ ان کی سب سے زیادہ سپلائی ملک کے ان ۷؍ بڑے شہروں میں دیکھی گئی۔ ممبئی، بنگلور اور حیدرآباد میں سب سے زیادہ ۶۰؍فیصد ہاؤسنگ یونٹس بن کر تیار ہوئے ہیں۔ کورونا کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے، جب ہاؤسنگ یونٹ کی فروخت اپنی آل ٹائم ہائی ریکارڈ کے پار چلی گئی۔