بھاؤداجی لاڈ میوزیم کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس اور میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی بھی موجود تھے۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 4:02 PM IST | Agency | Mumbai
بھاؤداجی لاڈ میوزیم کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس اور میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی بھی موجود تھے۔
یہاں قدیم رانی باغ چڑیاگھرمیں نئے تزئین و آرائش شدہ ڈاکٹر بھاؤ داجی لاڈ میوزیم جسے ریاست کا سب سے قدیم میوزیم کہا جاتا ہے، کا بدھ کو افتتاح ہوا۔میوزیم ۴؍ سال تک بندتھا۔ پہلےکووڈ ۱۹؍وبائی امراض کی وجہ سے اور بعد میں تزئین و آرائش کے کام کیلئے۔
میوزیم کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس نے کہا کہ ’’کسی شہر کی اصل دولت اس کے امیر باشندے یا بلند عمارتیں نہیں ہیں بلکہ یہ اس کے عجائب گھروں میں نظرآتی ہے ۔عجائب گھر شہر کی تہذیب، ثقافت، لوگوں کی زندگیوں اور تاریخ کی جھلک پیش کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ اس طرح کے عجائب گھروں کی تعمیر کا بنیادی مقصد آنے والی نسلوں کیلئے تاریخی ورثے کو محفوظ کرنا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ سیاحوں کیلئے بڑی کشش کا کام کرے گا اور یہاں آنے والوں کو اپنی نادر اشیاء اور تصاویر کے ذریعے ایک منفرد تجربہ فراہم کرے گا۔ ‘‘
اس موقع پرمیونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے کہا کہ بھاؤ داجی لاڈ میوزیم کی عمارت روس کے سینٹ پیٹرزبرگ کے ہرمیٹیج میوزیم کی ایک چھوٹے پیمانے کی نقل ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بی ایم سی نے میوزیم کی بحالی پر۳؍کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔