کیوبیک کے جنگلات میں ڈھائی سو مقامات پر آگ قابو سے باہر ،آگ بھڑکنے سے کئی امریکی ریاستوں میں بھی دھوئیں کے بادل
Updated: June 09, 2023, 12:26 PM IST | Washington
کیوبیک کے جنگلات میں ڈھائی سو مقامات پر آگ قابو سے باہر ،آگ بھڑکنے سے کئی امریکی ریاستوں میں بھی دھوئیں کے بادل
موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے کناڈا کے جنگلات کی خوفناک آگ بے قابو ہوگئی ہے جس سے امریکہ کی فضا بھی آلودہ ہوگئی ہے۔ مختلف ریاستوں میں انتباہ جاری کیا گیاہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق کناڈا کے صوبے کیوبیک کے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی ہے جس سے تقریباً۳۰؍ لاکھ ہیکٹر سے زائد علاقہ جل کر خاکستر ہوگیا۔کیوبیک کے جنگلات میں ۴؍ سو مقامات پر آگ لگی جبکہ خبر لکھے جانے تک ڈھائی سو مقامات پر آگ قابو سے باہر ہے۔آگ سے اوٹاوا کے ساتھ ساتھ کناڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں ہوا کا معیار متاثر ہوا ہے۔
کناڈاحکام کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے گرم اور خشک موسم کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
دریں اثناء کناڈا کے جنگلات میں آتشزدگی کی وجہ سے امریکہ میں فضا آلودہ ہو گئی ہے۔ آگ بھڑکنے سے دھوئیں کے بادل کئی امریکی ریاستوں تک پہنچ گئے ہیں، وہاں عوام کیلئے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے جس کے سبب مختلف شہروں میں انتباہ جاری کر دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی کی وجہ سے ۱۰؍کروڑ امریکی متاثر ہو ئے ہیں۔ اس دوران گالف کورسیز، پارکس اور چڑیا گھر کو بند کر دیا گیا۔اس کے علاوہ نیویارک میں ہوا کا معیار ریکارڈ بد ترین سطح پر آگیا ہے۔ اسی کے پیش نظر نیویارک کے گورنر نے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے اور ماسک پہننے کی ہدایت دی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کناڈا کی مدد کی پیشکش کی ہے۔