Updated: April 06, 2025, 3:01 PM IST
| Toronto
اتوار کوکنیڈین پارلیمنٹ کو ایک سیکوریٹی صورتحال کے باعث لاک ڈاؤن میں ڈال دیا گیا۔ اس واقعے میں ملوث شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اوٹاوا پولیس نے اتوار کو بتایا کہ پارلیمنٹ کی مشرقی عمارت (ایسٹ بلاک) میں ایک شخص نے غیر مجاز طور پر داخل ہو کر رات وہیں گزاری لیکن صورتحال پر امن طریقے سے ختم ہوگئی۔
کنیڈین پارلیمنٹ کے باہر پولیس کا سخص بندوبست دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔
اتوار کوکنیڈین پارلیمنٹ کو ایک سیکوریٹی صورتحال کے باعث لاک ڈاؤن میں ڈال دیا گیا۔ اس واقعے میں ملوث شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اوٹاوا پولیس نے اتوار کو بتایا کہ پارلیمنٹ کی مشرقی عمارت (ایسٹ بلاک) میں ایک شخص نے غیر مجاز طور پر داخل ہو کر رات وہیں گزاری لیکن صورتحال پر امن طریقے سے ختم ہوگئی۔ پولیس کے مطابق، مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس واقعے کی مجرمانہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اوٹاوا پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’ایسٹ بلاک میں محصور شخص کا معاملہ بغیر کسی واقعے کے ختم ہو گیا ہے۔ ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اوٹاوا پولیس کی مجرمانہ تفتیش جاری ہے اور صبح مزید اپڈیٹ فراہم کی جائے گی۔ ہم عوام کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ ‘‘
اس سے قبل سنیچر کی دوپہر پولیس نے مشرقی بلاک میں موجود افراد کو خبردار کیا تھا کہ وہ قریبی کمروں میں پناہ لیں، دروازے بند کر لیں اور خود کو چھپائے رکھیں۔ ایک اور پوسٹ میں اوٹاوا پولیس نے کہا’’باراہوین کے علاقے میں بینٹ بروک کریسنٹ پر پولیس کارروائی جاری ہے۔ براہ کرم اس علاقے سے گریز کریں۔ جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، اپڈیٹ فراہم کی جائے گی۔ ‘‘
پولیس واقعے کو مشتبہ قرار دے رہی ہے
مشتبہ شخص کی مشرقی بلاک میں موجودگی کے بعد عمارت سے لوگوں کو نکال لیا گیا اور پولیس نے ویلنگٹن اسٹریٹ کے بڑے حصے کو بند کر دیا، جس سے ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کی آمد و رفت رک گئی۔ اوٹاوا پولیس کے انسپکٹر مارک باؤمیسٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ شخص نے پارلیمنٹ ہل کی مشرقی عمارت میں ’’غیر مجاز رسائی‘‘ حاصل کی اور اس واقعے کے حالات کو مشکوک سمجھا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے تین گھنٹے بعدپولیس نے حفاظتی علاقے کو بڑھا دیا اور اسپارکس اسٹریٹ کا ایک اضافی بلاک بھی شامل کر لیا۔ اوٹاوا پولیس نے خصوصی یونٹس تعینات کئے جن میں کم از کم ایک کتوں کا یونٹ اور دھماکہ خیز مواد کا یونٹ شامل تھا۔
حکومتی ویب سائٹ کے مطابق ایسٹ بلاک میں سینیٹرز اور ان کے عملے کے دفاتر موجود ہیں، تاہم، اس ماہ پارلیمنٹ ہل نسبتاً پرسکون رہا کیونکہ فیڈرل انتخابات کی وجہ سے پارلیمنٹ تحلیل ہو چکی ہے۔ پارلیمنٹ ۲۳؍ مارچ کو انتخابات کے اعلان کے ساتھ تحلیل کر دی گئی تھی۔ انتخابات اب ۲۷؍ اکتوبر کی بجائے تقریباً چھ ماہ قبل ہوں گے، جو پہلے سے متوقع تاریخ سے کہیں جلدی ہیں۔