• Sat, 28 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حملے کا معاملہ : امریکی قانون سازوں نےسابق صدر کے قتل کی کوشش کو سیکرٹ سروس کی ناکامی قرار دیا

Updated: September 28, 2024, 12:58 PM IST | Agency | Washington

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف پنسلوانیا میں قتل کی کوشش کی تحقیقات کرنے والے قانون سازوں نے اسے سیکریٹ سروس کی ناکامی قرار دے دیا۔

Pennsylvania Trump was attacked at a campaign rally. Photo: INN
پنسلوینیا ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں حملہ ہوا تھا۔ تصویر : آئی این این

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف پنسلوانیا میں قتل کی کوشش کی تحقیقات کرنے والے قانون سازوں نے اسے سیکریٹ سروس کی ناکامی قرار دے دیا۔ ڈان اخبار کی رپورٹ میں غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق قانون سازوں نے گزشتہ روز کیس کی پہلی سماعت کی، جس میں مسلح شخص کی ریپبلکن صدارتی امیدوار پر فائرنگ کے واقعے میں سیکریٹ سروس کی ناقص سیکوریٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ سیکرٹ سروس نے۱۳؍ جولائی کو بٹلر میں ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے حملے کا الزام مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عائد کیا تھا، جس میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا اور گولی بظاہر سابق امریکی صدر کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی تھی۔ تاہم اس واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی ایوان نمائندگان کی ٹاسک فورس کے اراکین نے سنا ہے کہ امریکی سیاسی لیڈران کی حفاظت کرنے والی ایجنسی نے قریبی عمارت کو محفوظ بنانے کے حوالے سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر تھامس مائیکل کروکس نے حملہ کیا تھا۔ متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گواہوں نے ٹرمپ کے اسٹیج پر آنے سے چند گھنٹوں پہلے ہی افراتفری کی صورتحال کو بیان کیا، جس میں پیغام رسانی اور ہدایات کا انچارج کوئی مرکزی کمانڈ پوسٹ نہیں تھا۔ 
 ری پبلکن پارٹی کے شریک چیئرمین مائیک کیلی کا کہنا ہے کہ ریلی سے قبل صرف یہ غلطی نہیں تھی، جس نے کروکس کو ہمارے ملک کے سیکوریٹی پیشہ ور افراد کے سب سے ایلیٹ گروپ کو پیچھے چھوڑنے کی اجازت دی بلکہ متعدد سیکیورٹی محاذ پر ناکامیاں ہوئیں۔ 
 ان کے ڈیموکریٹک ہم منصب جیسن کرو نے مقامی پولیس کی تعریف کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ اس میں ملوث تمام ایجنسیوں کے درمیان رابطے منقطع اور غیر واضح تھے، یہ پینل فائرنگ کے چند روز بعد قائم کیا گیا تھا، جس نے مقامی پولیس کے ساتھ نہ صرف۲؍ درجن انٹرویو کیے بلکہ وفاقی ایجنٹس سے ملاقات کی اور سیکرٹ سروس سے۲۸۰۰؍ سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات حاصل کیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK