سانپ اور تیار زہر برآمد، ریو پارٹی منعقد کرنے اور منشیا ت سپلائی کرنے کا الزام، مینکا گاندھی کی مداخلت کے بعد نوئیڈا پولیس کی کارروائی۔
EPAPER
Updated: November 04, 2023, 12:18 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow
سانپ اور تیار زہر برآمد، ریو پارٹی منعقد کرنے اور منشیا ت سپلائی کرنے کا الزام، مینکا گاندھی کی مداخلت کے بعد نوئیڈا پولیس کی کارروائی۔
یو ٹیو بر اور بگ باس او ٹی ٹی ۲؍ کے فاتح ایلوش یادو اور اسکے ساتھیوں کے خلاف نوئیڈا پولیس نے ریو پارٹیوں کا انعقاد اور اس میں سانپوں سے تیار کردہ زہر سپلائی کرنے کا کیس درج کیا ہے۔ پولیس نے ایلوش یادو کے۵؍ ساتھیوں کو گرفتار کرکے ۹؍ زندہ سانپ ، تیار زہر وغیرہ برآمد کیا ہے۔ نوئیڈا پولیس نے یہ کارروائی بی جے پی کی رکن پارلیمان مینکا گاندھی کی مداخلت اور ان کی تنظیم کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت کی بنیاد پر کی ہے ۔تادم تحریر ایلوش یادو پولیس کی گرفت سے دو ر ہے۔ مینکا گاندھی نے اس کو سرغنہ بتاتےہوئے گرفتاری کابھی مطالبہ کیا ہے ۔
جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیم پیوپل فار انیملس کےعہدیدار گورو گپتا نےگزشتہ روز نوئیڈا کے سیکٹر ۴۹؍ تھانہ میں تحریری شکایت دی تھی کہ ایک ویڈیو میں یو ٹیوبر اوربگ باس کا فاتح ایلوش یادو اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ زندہ سانپوں کا زہر نکال رہا ہے ۔ یہ زہر بڑے بڑے ہوٹلوں میں ہونے والی ریو پارٹیوں میں شامل غیر ملکی لڑکیوں کو فراہم کرایا جاتا ہے اور ان کا استعمال نشے کیلئے کیا جاتا ہے ۔ گورو گپتا نے بتایا کہ اس ویڈیو میں یہ لوگ سانپوں سے بے رحمی سے زہر نکالتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ گورو گپتانے بتایا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد انہوں نے ایلوش یادو سے رابطہ کیاتو اس نے اپنے گروہ میں شامل راہل نام کے شخص کا نمبر دیا، انہوں نے اس سےرابطہ کرکے ریو پارٹی منعقد کرنےکے سلسلہ میں اپنے پاس بلایا ۔ جب راہل ان کے بتائے ہوئے پتہ پر پہنچا تو تنظیم کے عہدیداروں نے اسے پکڑ کر بیٹھا لیا اور اسے پولیس کے سپرد کردیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ تنظیم پیوپل فار انیملس کی ذمہ دار بی جے پی کی رکن پارلیمان مینکا گاندھی ہیں ۔ مینکا گاندھی نے نوئیڈا پولیس سے رابطہ کرکے گرفتار راہل اور اسکے ساتھیوں کے خلاف سنگین دفعات میں معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی ۔وہیں ، پولیس نے راہل سے پوچھ گچھ کے بعد دہلی میں رہنے والے اس کے ۴؍ساتھیوں کو مختلف علاقوں سے گرفتار کرکے ان کے پاس سے۹؍ زندہ سانپ اور ان سے تیار زہر برآمد کیا ۔ ملزمین کی گرفتاری اور برآمدگی کے بعد پولیس نے گورو گپتا کی تحریرپر ایلوش یادو ، راہل ، ٹیٹو ناتھ ، جے کرن ، نارائن اور روی ناتھ کے علاوہ کچھ نامعلوم افراد کے خلاف جنگلی جانور تحفظ ایکٹ کی مختلف دفعات کے علاوہ سازش کاکیس درج کرکے کارروائی شرو ع کردی ہے ۔
نوئیڈا پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں ایلوش یادو کی شمولیت کی جانچ کی جارہی ہے ۔وہیں بی جے پی لیڈر مینکا گاندھی نے ایلوش یادو کوگروہ کا سرغنہ بتاتے ہوئے اس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایلوش یادو نےسوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں اس نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ پوری طرح تعاون کے لئے تیار ہے۔