۲۵؍ویں ڈاکٹر اصغر علی انجینئر میموریل لیکچر میں اسکالر اور مصنف پروفیسر تھامس بلوم ہینسن کا تشدد اور جمہوریت کے عنوان پر شرکاء سے اظہار خیال۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 10:40 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
۲۵؍ویں ڈاکٹر اصغر علی انجینئر میموریل لیکچر میں اسکالر اور مصنف پروفیسر تھامس بلوم ہینسن کا تشدد اور جمہوریت کے عنوان پر شرکاء سے اظہار خیال۔
سنیچر کی شام انجمن سی ایس ٹی میں واقع احمد زکریا ہال میں ’۲۵؍واں ڈاکٹر اصغر علی انجینئر میموریل لیکچر‘ منعقد کیا گیا تھا جس میں شہروں میں تشدد اور سیاسی زندگیوں کے تعلق سے مہارت رکھنے والے اسکالر پروفیسر تھامس بلوم ہینسن نے ’’تشدد اور جمہوریت: ہندوستانی عوامی زندگی میں استثنیٰ اور تحفظ‘‘ پرسیر حاصل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی عہدوں اور رسوخ کی بنیاد پر مستثنیٰ قرار دینے والا کلچر ہوگا وہاں عوام کیخلاف تشدد (چاہئے پولیس اور سیکوریٹی فورسیز کے ذریعہ ہو یا خود کو محافظ کہنے والے شہریوں کے ذریعہ اقلیتی فرقہ کے لوگوں پر ہو) کے زیادہ تر معاملات میں سزائیں نہیں ہوں گی۔
پروفیسر تھامس نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہندوستان میں اس کلچر کی وجہ سے عام شہری یہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی طاقت ریاست کی من مانی کارروائیوں کی بنیاد پر روزگار، ملکیت اور تحفظ کے ملنے یا چھین لئے جانے کا ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کے مخالف نظریات کے حامل لوگوں، سیاسی حریفوں یا سیاسی اور مذہبی اقلیتوں سے بدلہ لینے اور انہیں سزائیں دینے کیلئے ریاستی ایجنسیوں اور تحفظ کے نام پر تشدد کرنے کیلئے تیار بھیڑ بھاڑ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کلچر ہندوستان میں جمہوریت کی بقاء کیلئے چیلنج نظر آرہا ہے۔
یہ پروگرام ’سینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرزم‘ کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا جس میں فادر اسٹینسلاس (اسٹین) سوامی کو بعد از مرگ ’ڈاکٹر اصغر علی انجینئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ اسٹین سوامی کے قریبی ساتھی فادر میسکرنہیس نے لیا۔
اس پروگرام میں پدم شری انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی مہمان خصوصی تھے اور راجیہ سبھا کے سابق ممبر اور ماہر معاشیات ڈاکٹر بھالچندر مُنگیکر کی سربراہی میں انجام پایا۔ جبکہ ڈاکٹر عرفان اصغر علی انجینئر اور شہر کی کئی معزز شخصیات بھی اس میں موجود تھیں۔