ریاستی وزیر کی معیارِ تعلیم کو بہتر بنانےکی کوشش۔ تعلیمی تنظیموں نے حمایت کی ۔ بورڈ امتحانات کو ۲؍ ششماہی امتحانات کی شکل میں منعقد کرنے کی بھی تجویز
EPAPER
Updated: September 19, 2024, 10:07 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاستی وزیر کی معیارِ تعلیم کو بہتر بنانےکی کوشش۔ تعلیمی تنظیموں نے حمایت کی ۔ بورڈ امتحانات کو ۲؍ ششماہی امتحانات کی شکل میں منعقد کرنے کی بھی تجویز
مرکزی حکومت کی ہدایت پر تعلیمی ترقی کیلئے ریاستی حکومت کوشاں ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں مہاراشٹر کو اوّل مقام پر لے جانے اور یہاں کے اسکولوںکے معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے جمعرات کو وزیر تعلیم دیپک کیسر نے چرنی روڈ پر واقعہ محکمہ تعلیم کے دفتر میں اعلیٰ افسران اورتعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران کی میٹنگ طلب کی جس میں ممبئی کے علاوہ دیگر اضلاع کی تعلیمی تنظیموں کے عہدیداران اور اعلیٰ ایجوکیشن افسران نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں اسکولوں میں سی بی ایس ای پیٹرن متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اس موقع پرریاستی وزیر دیپک کیسرکر نے میٹنگ کے شرکاء سے کہا کہ ’’مہاراشٹر کے معیارتعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اسکولوں میں سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) پیٹرن متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے ۔‘‘ انہوں نے بورڈ امتحانات کو ۲؍ ششماہی امتحان کی شکل میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ تعلیمی تنظیموں نے مختلف شرائط کے ساتھ سی بی ایس ای پیٹرن متعارف کرانے کی حمایت کی جبکہ بورڈ امتحان کے شیڈول میں امسال سے تبدیلی نہ کرنے کا مطالبہ کیا جسے وزیر تعلیم نے منظور کرلیا ۔
دیپک کیسرکر نے کہا کہ ’’سوم تا بارہویں جماعت کے اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں سی بی ایس سی پیٹرن متعارف کرانے کا منصوبہ ہے تاکہ اسکولوں اور جونیئر کالجوں کے تعلیمی معیار کو بڑھایا جاسکے ۔ پیٹر ن سے مراد اسکولوں میں سی بی ایس ای کا نصاب، شیڈول اور اسکول ہفتہ میں ۶؍ دن (فل ڈے )جاری رہیںگے۔
واضح رہے کہ دیہی اضلاع میں سنیچر کو ضلع پریشد کے کچھ اسکول آدھا دن جاری رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر سرگرمیاں بھی سی بی ایس ای بورڈکے ضابطے کے مطابق انجام دی جائیں گی ۔ اسکولی عملے کو زیادہ کام کرنا ہوگا۔ دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات ۲؍ سمسٹر امتحانات پرمشتمل ہوں گے۔ ان امتحانات میں حاصل کردہ نمبروں کے اوسط مارکس کے تحت رزلٹ جاری کئے جائیں گے۔ اس طرح کی متعدد تبدیلیا ں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ سی بی ایس ای کے قاعدے اور ضابطے کےمطابق اسکول جاری رہیں ۔ ‘‘
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار ،جو اس میٹنگ میں موجود تھے ، نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ ہم نے اسکولوںکے معیارکوبہتر بنا نےکیلئے سی بی ایس ای پیٹرن نافذ کرنے کی حمایت کی ہے لیکن کچھ معاملات پر وزیر تعلیم سے توجہ دینے کی اپیل کی گئی ہے ۔ مثلاً شہر ی علاقوں میں سی بی ایس ای کے اسکول اگر ۸؍گھنٹے بھی جاری رہتے ہیں تو ٹرانسپورٹ کی سہولت ہونے سے طلبہ کو گھر لوٹنے میں دقت نہیں ہوتی ہے لیکن دیہی علاقوں میں اگر شام کو ۶؍ بجے کے بعد اسکول چھوٹتے ہیں تو آمدورفت کی ناکافی سہولت کی وجہ سے بچوں کو گھر پہنچنےمیں تاخیر ہوسکتی ہے ۔ اس لئے ان علاقوں کے بچوں کیلئے اسکول کے وقت کا تعین سوچ سمجھ کر کیا جائے ۔‘‘ ا نہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ اسی طرح بورڈامتحانات کے تعلق سے جو تجویز پیش کی گئی ہے ،اس پر بھی غور کرنےکی ضرورت ہے ، ۲؍سمسٹر امتحان کے نمبرات جمع کر کے اوسط نمبروں کی بنیاد پر رزلٹ جاری کرنے کے فیصلے پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس لئے ہم نے وزیر تعلیم دیپک کیسرکر سے کہاہے کہ امسال اس تجویز پر عمل نہ کیاجائے ۔ تعلیمی تنظیموں کے نمائندوں کے اس مطالبہ کوانہوں نے تسلیم کرلیا ہے۔ ‘‘
سی بی ایس ای بورڈ کا نصاب انگریزی اور ہندی میں دستیاب ہے، دیگر میڈیم کے طلبہ کیلئے یہ نصاب کیسے مہیا کرایا جائے گا؟ اس سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ ’’سی بی ایس ای کے نصاب کو ترجمہ کرکے دیگرمیڈیم کے اسکولوںکو مہیاکرایاجائے گا۔‘‘
میٹنگ میں ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے، ایجوکیشن سیکریٹری کندن میڈم ، ڈپٹی ایجوکیشن سیکریٹری تشار مہاجن اور دیگر اعلیٰ افسران موجودتھے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سنگھ کے سنبھاجی تراب، مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سمیتی کے اُدئے شندے، مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک فیڈریشن کے کیسر رائوجادھو، راجیش ہیروےاور منوج مراٹھے نے بھی مذکورہ موضوع پر سوالات کئے اور اپنے مشورے ریاستی وز یر تعلیم کے سامنے پیش کئے ۔