۱۳۷؍ افراد جاں بحق، پورا ایک خاندان صفحہ ہستی سے مٹ گیا، تل ابیب نے جنوبی لبنان پر بھی حملے شروع کردیئے
EPAPER
Updated: February 15, 2024, 10:55 AM IST | Gaza
۱۳۷؍ افراد جاں بحق، پورا ایک خاندان صفحہ ہستی سے مٹ گیا، تل ابیب نے جنوبی لبنان پر بھی حملے شروع کردیئے
ایک طرف غزہ میں جنگ بندی کیلئے قاہرہ میں بات چیت کا سلسلہ جاری ہے وہیں دوسری جانب عالمی اپیلوں کو پوری طرح نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل رفح میں وحشیانہ حملے کررہاہے جس میں بدھ کو ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۳۷؍ افراد شہید ہوگئے۔ اس حملے میں ایک پورا فلسطینی خاندان صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔
اسرائیلی فوج نے رفح اور خان یونس میں فضائی حملے کئے جبکہ خان یونس میں اسپتال کے احاطے میں شہریوں پر براہ راست گولیاں برسائی گئیں۔غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ۷؍ اکتوبر کے بعد سے اب تک ۲۸؍ہزار۴۷۳؍ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اس بیچ غزہ میں جنگ بندی کیلئے مصر، اسرائیل، قطر اور امریکہ کے درمیان بات چیت جو قاہرہ میں ہورہی ہے مزید ۳؍ دن تک جاری رہے گی۔ اسرائیلی وفد بدھ کو گفتگو میں حصہ لینے کے بعد تل ابیب لوٹ گیا جبکہ حماس کا وفد قاہرہ پہنچا ہے۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنز، اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیہ اور قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے قاہرہ میں مصری حکام سے ملاقات کی۔ فائنانشیل ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے برنز اسرائیل اور فلسطینی تحریک حماس کے درمیان جنگ کے خاتمے اور یرغمالوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے معاہدے پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کیلئے قاہرہ میں ایک میٹنگ کریں گے۔ اسرائیلی کے جس وفد بات چیت میں حصہ لیا اس کی قیادت موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا نے کی۔