• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلم’پٹھان‘ کی ریلیز پر جشن،بھگوا تنظیموں کا احتجاج،۳۰۰؍اسکرین بڑھائے گئے

Updated: January 26, 2023, 10:01 AM IST | new Delhi

ابتدائی طور پر ملک بھر میں فلم کو۵؍ہزار۲۰۰؍اسکرینوںپرریلیز کیا گیا تھا لیکن پہلے شو کے بعد ۳۰۰؍اسکرینوں کے اضافے سے تعداد ۵؍ہزار۵۰۰؍ہوگئی،پٹھان سے۲۵؍سنگل اسکرین سنیما گھر دوبارہ شروع،دوسری جانب مدھیہ پردیش،اترپردیش،کرناٹک، بہار اور چھتیس گڑھ میںسنیما گھروں پربھگوا تنظیموں کا احتجاج،پولیس نے سیکوریٹی میں اضافہ کیا

A poster of the film Pathan was garlanded outside a cinema in Kolkata, while another garland was specially placed on Shah Rukh Khan`s picture.
کولکاتا میںایک سنیما گھر کے باہر لگے فلم پٹھان کے پوسٹر پرہارلگایا گیا جبکہ شاہ رخ خان کی تصویر پر خصوصی طور پر ایک اور ہار پہنایا گیا۔

شاہ رخ خان کی فلم پٹھان بدھ کوملک بھر میں۵؍ہزار ۲۰۰؍اسکرینزپر ریلیز ہوئی۔اس فلم کو ملک بھر میں بڑے پیمانے پر سراہا جارہا ہے اور لاکھوں کی تعداد میں شاہ رخ خان کے مداح فلم’پٹھان‘ کی ریلیز کو ایک تہوار کی طرح منا رہے ہیں، جس طرح ایک تہوار پر جشن منایا جاتا ہے اسی طرح اکثر سنیما گھروں اور ان کے باہر جشن کا سماں ہے۔فلم کو اس قدر پسند کیا جارہا ہے کہ فلم کے پہلےہی شو کے بعد اسکرینوں کی تعداد میں اضافہ کرنا پڑا اور ملک بھر میں فلم کی نمائش کرنےوالے تھیٹروں یا اسکرینوں کی تعداد میں ۳۰۰؍کا اضافہ کرنا پڑا۔ اس طرح اب ملک بھر میں اس کے مجموعی اسکرینوں کی تعداد ۵۵۰۰؍ ہوگئی ہے۔دوسری جانب کچھ شدت پسندعناصر اس فلم کی مخالفت بھی کر رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں ہندو تنظیموں کے احتجاج کے باعث پہلا شو منسوخ کر دیاگیاہے۔ وہیں راجدھانی بھوپال میں پٹھان کے خلاف سنیما ہال کے باہر احتجاج جاری ہے۔ بہار اور یوپی میں کئی مقامات پر پٹھان کے پوسٹر پھاڑ دیے گئے۔
 اس احتجاج کے باوجود پہلے شوکے بعد۳۰۰؍ اسکرینزکا اضافہ کرنا پڑا، جس کا مطلب ہے کہ اب ملک میں ۵۵۰۰؍ اسکرینز پر فلم دکھائی جارہی ہے۔
۲۵؍سنگل اسکرین دوبارہ شروع
 پٹھان کے ساتھ ہی ۲۵؍سنگل اسکرین سنیما ہال دوبارہ شروع  کئے گئےہیں، جو کووڈ کے دوران کسی وجہ سےبندکر دئیےگئےتھے۔اس پر خوشی کا اظہار کرتےہوئے شاہ رخ نےسوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا اور ان تمام سنگل اسکرینز کو مبارکباد دی۔
 شاہ رخ خان نےلکھا،’’بچپن میں، میں نے تمام فلمیں صرف سنگل اسکرین پردیکھی ہیں۔اس کا اپنا ہی مزہ ہے۔ میں دعا اورپرارتھناکرتاہوں کہ آپ اور مجھے کامیابی ملے۔ دوبارہ کھولنے پر مبارکباد۔
پہلے پٹھان کے دیوانے پرستاروں کو دیکھیں
 شاہ رخ کے مداح حیدرآباد کے ایک سینما ہال کے باہر فلم کی ریلیز کا جشن منا تے ہوئے نظر آئے۔ یہاںلوگ ڈھول پر رقص کرتے دکھائی دیئے۔سوشل میڈیا پر ایسےکئی ویڈیوز سامنے آئےہیں، جن میں لوگ پٹھان کی ریلیز کاجشن منا رہے ہیں۔
مدھیہ پردیش: ہندو تنظیموں نے سنیما ہال سے عملے کو نکالا
 اندور میں پٹھان کےپہلےشوسےپہلے ہی بھگواتنظیموں نے تھیٹروں کے باہر احتجاج کیا۔ سینما گھروںمیں پہلا شو منسوخ کر دیاگیا۔کارکن تھیٹر کےاندر گئے اور عملے کو زبردستی باہرنکال دیا۔ پٹھان فلم نہ چلانے کی وارننگ دی۔ تاہم کمشنر نےدعویٰ کیا کہ امن و امان خراب نہیں ہوگا۔ تھیٹروں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ رتلام میں بھی ہندو تنظیموں نے فلم کی مخالفت کی ہے۔
اترپردیش: کئی سنیما ہالوں کے باہر پولیس تعینات
 بدھ کو آگرہ میں فلم پٹھان کی ریلیز سے قبل ہندو تنظیموں نےاحتجاج کیا۔ اس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔باغپت میں بھی ہنگامہ ہوا اور پوسٹر جلائے گئے۔ سینماگھر مالکان نے سیکوریٹی کا مطالبہ کیا۔اس کےبعدہال کے باہر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔  میرٹھ اور کانپور میں فلم کے۸۰؍ فیصد سے زیادہ شوبک ہوئے ہیں۔ میرٹھ میں شائقین نے کیک کاٹ کر فلم کا جشن منایا۔ 
کرناٹک: وی ایچ پی نے کہا- فلم میں سناتن دھرم کی توہین کی گئی 
 کرناٹک میں بھی کئی مقامات پر پٹھان کی  ریلیزکی مخالفت کی جا رہی ہے۔ وشو ہندو پریشد کے کارکنوں نےبنگلور میں فلم کے خلاف احتجاج کیا۔ اس کےپوسٹر جلا ئے۔ وی ایچ پی کا کہنا ہے کہ اس فلم میں سناتن دھرم کی توہین کی گئی ہے۔
بہار: بھاگلپور میں پوسٹر جلائے گئے، احتجاج جاری
 بھاگلپور میں فلم پٹھان کےپوسٹر جلائے گئے۔ ہندو تنظیمیںریلیزکی مخالفت کر رہی ہیں۔ بدھ کی صبح کارکنوں نے نعرے لگائے’ فلم چلے گی، ہال جلے گا۔‘ کارکنوں کا کہنا تھا کہ فلم میںسناتن دھرم کےخلاف مناظرہیں۔سناتن دھرم کی تنزلی ہوئی ہے۔ تاہم پولیس انتظامیہ کا کہنا تھا کہ فلم ریلیز کی جائے گی اور سیکوریٹی فراہم کی جائے گی۔
چھتیس گڑھ میں بھی پٹھان کے خلاف احتجاج
 چھتیس گڑھ کے درگ ضلع میں ۲۵؍جنوری کو فلم’پٹھان‘ کی سخت مخالفت کی گئی۔ بجرنگیوں نے شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف نعرے لگائے اورانہیں ملک دشمن قراردیا۔اس دوران انہوں نے بھیلائی۳؍ کے مکتا ٹاکیز میں چلنے والی فلم کو روک دیا، اس کا بینر اتار دیا اور پوسٹرز کو بھی جلا دیا۔ اس دوران پولیس کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK