سیوڑی، وڈالا، لوورپریل، لال باغ اور ورلی میں پانی کی کمی اور آلودہ پانی کی شکایتیں۔ سیوڑی میں ہنڈا مارچ بھی نکالا گیا۔
EPAPER
Updated: October 10, 2024, 10:53 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
سیوڑی، وڈالا، لوورپریل، لال باغ اور ورلی میں پانی کی کمی اور آلودہ پانی کی شکایتیں۔ سیوڑی میں ہنڈا مارچ بھی نکالا گیا۔
زوردار بارش کے سبب ممبئی کو پانی فراہم کرنےوالی سبھی جھیلوں کے بھرجانے کےباوجود شہر ومضافات کےمختلف علاقوں سے پانی کی قلت اور آلودہ پانی سپلائی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ ان میں جنوبی ممبئی کے متعدد علاقوں کے علاوہ سیوڑی، وڈالا، لوور پریل، لال باغ، ورلی وغیرہ شامل ہیں۔ ان علاقوں کے مقامی میونسپل کارپوریٹر اور اراکین اسمبلی نے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی سے ملاقا ت کرکےپانی کے کم اور آلودہ ملنے کی شکایت کیاور مسئلہ کو جلد ازجلد حل کرنےکامطالبہ کیاہے۔ منگل کو سیوڑی میں لوگوں نے شیوسینا (اُدھو) کے رکن اسمبلی اجے چودھری کی قیادت میں ایف سائوتھ وارڈ کے سامنے ہنڈا مورچہ نکال کر پانی کی قلت سے ہونےوالی پریشانیوں سے شہری انتظامیہ کے افسران کو آگاہ کیااور اس مسئلہ جو جلدازجلد حل کرنےکی اپیل کی۔
واضح رہےکہ ۲؍ دن قبل ممبادیوی کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے مسجد بندر، ڈونگری، گرگاؤں اور ممبادیوی علاقوں میں پانی کی قلت اور آلودہ پانی سے عوام کو ہونےوالی پریشانیوں کے حل کیلئے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی سے ملاقات کی تھی۔ کانگریس کے سابق اپوزیشن لیڈر روی راجہ نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ان کے حلقہ کوکری آگر، اندرا نگر، نہرو نگر، راولی کیمپ، جئے مہاراشٹر نگر، مہڈا وساہت، بھارتیہ کمل نگر، شانتی نگر میں ۵۰؍فیصد سے زیادہ پانی کی قلت اور آلودہ پانی کابھی مسئلہ ہے۔ اس تعلق سے روی راجہ نے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کو خط لکھ کر پانی کی قلت دور کرنےکا مطالبہ کیاہے۔ شیو سینا ( ادھو) دنڈوشی کے ایم ایل اے سنیل پربھو نے بھی گزشتہ ہفتے میونسپل کمشنر سے ملاقات کی اور دنڈوشی میں ناکافی پانی کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ممبئی میں کئی رہائشی عمارتوں کے مکین اس وقت اکتوبر کی گرمی کی شدت اور پانی کی قلت سے مشکلات کا شکار ہیں۔ اکتوبر کے مہینے میں پانی کی مانگ بڑھ جاتی ہےلیکن سچائی یہ ہےکہ ان دنوں ممبئی کے شہریوں کو پانی کم ملنے کی شکایت بڑھتی جارہی ہے۔ انتظامیہ نے جلد از جلد اقدامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔