بڑے اسٹیشنوں پر ۴۰؍کلو وزن اٹھانے پر ۸۵؍ روپے، درمیانے درجے کے اسٹیشنوں پر ۸۰؍ روپے اور چھوٹے اسٹیشنوں پر ۷۵؍ روپے ملیں گے۔
EPAPER
Updated: September 10, 2024, 5:13 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بڑے اسٹیشنوں پر ۴۰؍کلو وزن اٹھانے پر ۸۵؍ روپے، درمیانے درجے کے اسٹیشنوں پر ۸۰؍ روپے اور چھوٹے اسٹیشنوں پر ۷۵؍ روپے ملیں گے۔
سینٹرل ریلوے کے بورڈ نے ممبئی کے ریلوے اسٹیشنوں پر قلیوں کی اجرت میں اضافہ کو منظوری دے دی ہے۔ اب قلیوں کو بڑے اسٹیشنوں پر ۴۰؍ کلو وزن کی ایک پھیری کیلئے ۴۰؍ روپے کے بجائے ۸۵؍ روپے ملیں گے۔ درمیانے درجے کے اسٹیشنوں پر ۸۰؍ روپے اور چھوٹے اسٹیشنوں پر ۷۵؍ روپے ملیں گے۔ تاہم قلی اس اضافہ سے مطمئن نہیں ہیں۔
اجرت میں اضافہ کے فیصلے سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی)، دادر ٹرمنس، باندرہ ٹرمنس، تھانے، کلیان اور لوکمانیہ تلک ٹرمنس (کرلا) پر طویل مسافتی ٹرینوں کے مسافروں کو اب زیادہ اجرت دینی پڑے گی۔ سینٹرل ریلوے بورڈ نے مذکورہ اضافہ کو منظوری دیتے ہوئے اسے فوری طور پر نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔ بورڈ کے مطابق مہنگائی میں اضافہ اور قلیوں کی زندگی کو کچھ بہتر بنانے کیلئے ان کی اجرت میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اگرچہ اضافہ کا جو فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے فی پھیرے کی اجرت تقریباً دوگنا ہوگئی ہے لیکن ریلوے بورڈ کے فیصلہ سے قلی مطمئن نہیں ہیں۔ دادر کے ایک قلی نے اس سلسلے میں عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے بورڈ نے اس اضافہ کے تعلق سے فیصلہ کرنے سے قبل قلیوں کی تنظیموں سے رائے مشورہ نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر لفٹ، ایسکیلیٹر (خودکارزینے )کی تنصیب اور مسافروں کے ذریعہ پہیوں والے بیگ کے استعمال میں اضافہ کی وجہ سے ان کی خدمات حاصل کرنا کم کردیا گیا ہے۔ ماضی کے مقابلے اب بہت کم مسافر ان کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔ ایک اور قلی نے بھی یہی کچھ بتایا اور کہا کہ ریلوں اسٹیشنوں کی ساخت میں تبدیلیاں ہونے اور مسافروں کا مزاج بدلنے سے ان کا روایتی کردار باقی رہنا دشوار ہوگیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قلیوں کے مستقبل اور ان کی خدمات کو جاری رکھنے کیلئے وسیع پیمانے پر غوروفکر اور گفتگو سے کوئی حل نکالنے کی اشد ضرورت ہے۔