پہلی ٹرین ۱۶؍اپریل ۱۸۵۳ءکو چلائی گئی تھی ،بدھ کو سالگرہ منائی گئی ،کیک کاٹا گیا اورجنرل منیجر نے ملازمین کومبارکباد دی
EPAPER
Updated: April 16, 2025, 11:09 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
پہلی ٹرین ۱۶؍اپریل ۱۸۵۳ءکو چلائی گئی تھی ،بدھ کو سالگرہ منائی گئی ،کیک کاٹا گیا اورجنرل منیجر نے ملازمین کومبارکباد دی
سینٹرل ریلوے کے ۱۷۲؍ سال مکمل ہوگئے۔پہلی ٹرین ۱۶؍ اپریل ۱۸۵۳ء کو ممبئی اورتھانے کے درمیان چلائی گئی تھی۔اس کی مناسبت سے بدھ کو سالگرہ منائی گئی، کیک کاٹا گیا اور جنرل منیجر دھرم ویر مینا نے ملازمین کو اس اہم موقع پرمبارکباد دی۔بوری بندر جسے اس وقت چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی ) سے جاناجاتا ہے، پہلی ٹرین کوہری جھنڈی دکھائی گئی تھی ۔
وقت گزرنے کے ساتھ آج سینٹرل ریلوے میں جہاں طویل مسافتی ٹرینوں کے ذریعے سی ایس ایم ٹی، دادر، ایل ٹی ٹی، تھانے اورکلیان ٹرمنس سے لاکھوں مسافر ملک کےطول وعرض میں سفر کرتے ہیں وہیں ۱۸۰۰؍ سےزائدلوکل سروسیز سے ۳۵؍ لاکھ سے زائدمسافر اپنی منزل تک پہنچتے ہیں۔
۱۸۵۳ء میںگریٹ انڈین پیننسولا ریلوے نے پہلی ٹرین شروع کی تھی۔۱۹۰۰ء میں وہ کمپنی انڈین مڈ لینڈ ریلوے کمپنی میںضم ہوگئی تھی اوراس کا دائرہ دہلی ،کان پور، الہ ٰ آباداورناگپور تک پھیل گیا تھا ۔
اسی طرح تاریخ کا ایک اہم حصہ یہ ہے کہ ۵؍ نومبر ۱۹۵۱ء کونظام اسٹیٹ ، سندھیا اسٹیٹ اوردھول پور ریلوے کو ایک کرکے سینٹرل ریلوے تشکیل دی گئی۔ موجودہ وقت میںسینٹرل ریلوے اپنے ۵؍ ڈویژن ممبئی، بھساول، ناگپور، شولا پور اورپونے کے علاوہ مدھیہ پردیش ا ورکرناٹک تک ۴۳۲۲ء۵۵؍ کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ سینٹرل ریلوے ۴۹۲؍ اسٹیشنوں کے ساتھ اپنی خدمات فراہم کررہا ہے۔
۱۸۵۳ء سے ۱۶؍اپریل ۲۰۲۵ء تک سینٹرل ریلو ے نے بتدریج کامیابی کے کئی ریکارڈ قائم کئے ہیں ، آج وندے بھارت جیسی نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ ۱۰؍ٹرینیں سینٹرل ریلوے کے بیڑے کا حصہ ہیں ۔ اسی طرح پہلی شتابدی ایکسپریس، پہلی جن شتابدی ایکسپریس، پہلی تیجس ایکسپریس اور پنجاب میل جیسی کچھ اہم ٹرینیں ۱۰۰؍ سال سے بھی زائد پرانی ہیںجو مسافروں کے درمیان انتہائی مقبول ہیں۔
سینٹرل ریلو ے کی تاریخ میں ۳؍فروری ۱۹۲۵ء وہ اہم تاریخ ہے جب ممبئی وی ٹی (موجودہ سی ایس ایم ٹی ) اورکرلا ہاربر کے درمیان پہلی الیکٹرک ٹرین شروع کرنے کی بنیاد ڈالی گئی۔ آج صد فیصد الیکٹرک سسٹم کےذریعے ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔۳؍ڈبے سے شروع ہونے والی مضافاتی ٹرین خدمات آہستہ آہستہ ۹؍ڈبے میں تبدیل کی گئیں، پھر ۱۲؍ ڈبے کی گئیں اور مزیدترقی کرتے ہوئے اب کئی سروسیز ۱۵؍ ڈبے کی چلائی جارہی ہیں۔اس کے علاوہ مسافرو ںکی راحت رسانی کیلئے اے سی لوکل کا دائرہ بھی بڑھ کراب ۶۶؍سے ۸۰؍ ہوگیا ہے۔ ان تبدیلیوں اوربتدریج ترقی میں ایک نیا باب نیرل ماتھیران سیکشن کا بھی ہے۔ نیرل ماتھیران سیکشن میںٹوائے ٹرین کےآغاز کو۱۱۸؍ سال مکمل ہوچکے ہیں۔ ۱۹۰۴ءمیں نیرل ماتھیران سیکشن پرریلوے کی تعمیر شروع ہوئی تھی اور ۱۹۰۷ء میں ٹرین شروع کی گئی تھی۔ چونکہ ماتھیران میں پُرپیچ وادیوں سے ٹوائے ٹرین گزرتی ہے اور پٹری سے متصل کافی گہری کھائیاں ہیں ،اس لئے بارش کے دوران احتیاط کے طور پر اس سیکشن کوبند کردیا جاتا ہے۔ اس پرچلائی جانے والی ٹوائے ٹرین سیاحوں کی اولین پسند ہے۔