• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈیزل چوروں کو پکڑنے کیلئے چالیس گاؤں اور بھڑ گاؤں پولیس کی فلمی انداز میں کارروائی

Updated: July 28, 2024, 11:09 AM IST | Sharjeel Qureshi | Chalisgaon

چوروں کی کار نے پولیس وین کو زوردار ٹکر ماری تھی کہ پولیس وین راستے پر پلٹ گئی اور کار الیکٹرک پول سے جا ٹکرائی، احمد نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے۳؍ مشتبہ ڈیزل چور گرفتار۔

This is the condition of the police van. Photo: INN
پولیس وین کی یہ حالت ہوگئی۔ تصویر : آئی این این

ڈیزل چوروں کو پکڑنے کیلئے چالیس گاؤں اور بھڑگاؤں پولیس  نے فلمی انداز میں کارروائی کی۔ اس فلمی انداز کی کارروائی کے دوران بھڑگاؤں پولیس کی وین نے مشتبہ چوروں کی کار کا کم و بیش۴۰؍ سے۵۰؍ کلو میٹر تک پیچھا کیا اور بالآخر  چوروں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ۔یہ واقعہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ۲؍بجے چالیس گاؤں میں بھڑگاؤں روڈ پر میل گیٹ کے پاس ہوا۔ اس دوران حادثے میں۴؍ پولیس اہلکاراور دیگر دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں چالیس گاؤں سٹی پولیس اسٹیشن  نے بتایا کہ چالیس گاؤں سٹی پولیس اسٹیشن کے گشتی دستے کو ہیرا پور روڈ پر ایک سوئفٹ ڈیزائر کار نمبر ایم ایچ۰۴۔ ایف اے ۳۰۴۴؍ ملی جو مشکوک حالت میں گشت کررہی تھی۔پولیس کے دستے نے کار کا پیچھا کیا۔ کار بھڑگاؤں کی طرف نکل گئی تب تک چالیس گاؤں سٹی پولیس اسٹیشن کے عملہ نے بھڑگاؤں پولیس کو الرٹ کردیا۔ بھڑگاؤں پولیس نے راستے پر کار کو روکنے کیلئے بریکٹ لگائے تھے۔ کار بھڑگاؤں بھی پہنچی مگر پولیس کو دیکھتے ہی کار کا ڈرائیور  یو ٹرن لے کر کار کو چالیس گاؤں کی طرف لے آیا۔ تبھی بھڑگاؤں پولیس نے ان کا پیچھا شروع کیا ۔کار ڈرائیور نے راستے میں پولیس کی جانب سے کج گاؤں اور  پاتونڈا قصبات میں لگائے گئے بریکٹ کو بھی روندا ڈالا ۔چالیس گاؤں کے کھرجائی ناکہ پر بھی پولیس نے بریکٹ لگائے تھے، اسے بھی روندا گیا۔ بھڑگاؤں پولیس کار کا پیچھا کرتی رہی۔ کھرجائی ناکے کے پاس سے چالیس گاؤں پولیس بھی کار کا پیچھا کرنے میں لگ گئی۔ کار جب آگے بڑھ کر میل گیٹ کے پاس پہنچی تو بھڑگاؤں پولیس کی وین کار کے آگے پہنچی، تبھی پیچھے سے کار نے پولیس وین کو زور دار ٹکر ماری جس کے سبب پولیس وین راستے پر پلٹ گئی تھی اور کار الیکٹرک پول سے جا ٹکرائی۔ بھڑگاؤں پولیس وین میں سوار پولیس اہلکار سندیپ بھٹو سوناونے (۳۰) ،منوہر جیون پاٹل (۳۵)، چالیس گاؤں سٹی پولیس اسٹیشن کے اہلکار آشوتوس سوناونے، رویند بچھاؤاور پولیس کی مدد کیلئے پہنچے مقامی افراد میں شامل گنیش مہاجن اور یش پاٹل معمولی زخمی ہوئے ہیں ۔اس معاملے میں چالیس گاؤں سٹی پولیس تھانے میں بھڑگاؤں پولیس کے کانسٹیبل منوہر پاٹل کی شکایت پر کار میں سوار تینوں افراد آکاش بالو صاحب کوڑے (۲۲؍سال، ساکن کراڈ تعلقہ راہتاضلع احمد نگر)،منوج اشوک واگھمارے(۳۲؍سال ،ساکن شرڈی)، رشید رفیق پٹھان (۲۶؍سال ،ساکن واکڑی تعلقہ راہتا ضلع احمد نگر) کیخلاف ضابطہ کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ ان تینوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ ان کی کار سے ۸ ؍ڈیزل کے خالی ڈرام ، ۲؍ پائپ اور  دیگر اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK