• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چنڈی گڑھ : بالآخر جمہوریت کی فتح ، سپریم کورٹ نے آپ امیدوار کلدیپ کمار کو فاتح قرار دیا

Updated: February 21, 2024, 9:28 AM IST | Agency | Chandigarh

ریٹرننگ افسر انل مسیح کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت ،انڈیا اتحاد میں خوشی کی لہر.

Congratulations to Kuldeep Kumar. Photo: INN
کلدیپ کمار کو مبارکباد مل رہی ہے۔ تصویر : آئی این این

چنڈی گڑھ کے میئر انتخاب میں کھلی  جانب داری اور بے ضابطگی  کے معاملے پر سپریم کورٹ نے منگل کو تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے جمہوریت میں یقین رکھنے والوں کو راحت کی سانس لینے کا موقع دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے میئر الیکشن کے نتائج مسترد کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کلدیپ کمار کو فاتح قرار دیا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس چندر چڈ نے ریٹرننگ افسر انل مسیح  کی جانب سے کالعدم قرار د ئیے گئے تمام ۸؍ووٹوں کو درست قرار دینے کی ہدایت دی۔ ریٹرننگ افسر نے ان تمام ووٹوں کے بیلٹ پیپرز پر کراس کا نشان لگا دیا تھا۔سی جے آئی نے لگاتار دوسرےدن کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم قرار دئیے گئے تمام ۸؍ووٹ درخواست گزار امیدوار کلدیپ کمار کے حق میں تھے۔ اس لحاظ سے انہیں فاتح قرار دیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ گزشتہ روزسوال پوچھنے سے پہلے ہم نے انل مسیح کو سنگین نتائج کا سامنا کرنے کی وارننگ بھی دی تھی کیوں کہ  ریٹرننگ افسر نے ۸؍بیلٹ پیپرز پر کراس کا  نشان لگادیا تھا۔انہوں نے کہا کہ افسر نے اپنے دائرہ اختیار سے باہر کام کیا  اور جو حرکت کی وہ جرم کے زمرے میں آتی ہے اس لئے ان کے خلاف مناسب لیکن سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی جارہی ہے۔ بنچ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ اس نے آئین کے آرٹیکل ۱۴۲؍کے تحت انتخابی نتائج کو منسوخ کرکے مکمل انصاف کرنےکیلئے اپنے اختیار کا استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔  دراصل گزشتہ روز ریٹرننگ آفیسر نے سی جے آئی کی  بنچ کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ بیلٹ پیپر پر کراس انہوں نے ہی لگایا تھا۔ عدالت نے ریٹرننگ افسر سے پوچھ گچھ کے بعد الیکشن سے متعلق تمام ویڈیو  اور دستاویزات طلب کرلی تھیں جن میں ریٹرننگ افسر کا ویڈیو اور بیلٹ پیپر بھی عدالت میں جمع کرائے گئے تھے۔ 
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کلدیپ کمار پہلا ردعمل دیا کہ ’’میں عدالت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ملک کی جمہوریت کو محفوظ کرنے کا کام کیا ہے۔ سچ کچھ وقت کیلئے پریشان ہو سکتا ہے لیکن اسے روندا یا دبایا نہیں جاسکتا۔ سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ  اب چنڈی گڑھ میں رُکے ہوئے ترقیاتی کاموں کومکمل کروایا  جائے گا۔ سپریم کورٹ نے جمہوریت کے قتل کی اجازت نہیں دی۔ آنے والے وقت میں ہمارے رکن اسمبلی بھی چنڈی گڑھ میں جیت کر واپس آئیں گے۔‘‘عام آدمی پارٹی نےاس فیصلہ پر کہا کہ ملک میں ایک بار پھر جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔اروند کیجریوال نے عام آدمی پارٹی نے ایکس پر لکھاکہ   سپریم کورٹ  کے ملک میں ایک بار پھر جمہوریت جیت گئی۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ایکس  پر لکھاکہ آخر کار سچ کی فتح ہوئی، ہم میئر کے انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK