بنارس پہنچنے پر بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر کا مایاوتی پر طنز
EPAPER
Updated: February 27, 2021, 1:19 PM IST | Inquilab News Network | Varanasi
بنارس پہنچنے پر بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر کا مایاوتی پر طنز
بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر جمعہ کو بنارس پہنچے۔اس سے قبل بھیم آرمی کے عہدیدار اور اراکین بڑی تعداد میں بابت پور ایئر پورٹ پر جمع ہوگئے تھے۔بھیم آرمی کے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی چندر شیکھر روی داس کی جینتی کے موقعے پر بنارس آچکے ہیں۔آج بھی وہ گووردھن پور میں واقع روی داس مندر میںمنعقدہ پروگرام میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ بھیم آرمی کے گورکھپور ڈویژن کے صدر ونئےساگر نے بتایا کہ چندر شیکھر یہاں پہنچنے کے بعد شہر میں منعقد ہونے والے دیگر پروگراموں میں شرکت کیلئے روانہ ہوئے۔
بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر جمعہ کو صبح تقریباً ۱۱؍بجے ایئر انڈیا کے ہوائی جہاز سے بنارس پہنچے۔ایئر پورٹ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انہوںنے بی ایس پی سپریمو مایاوتی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’بوا کو اب آرام کرنا چاہئے کیونکہ بھتیجے اب کام کر رہے ہیں۔‘‘ اس موقع پر چندر شیکھر نے یوگی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں دلتوں پر مظالم بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔یوپی دلتوں کیلئے اب محفوظ نہیں رہا۔یہ جنگل پردیش بن گیا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ یہاں روزانہ قتل ہو رہے ہیں،ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے۔ہم اپنے لوگوں کو تیار کر رہے ہیں تاکہ وہ سیاست میں آئیں اور ظلم اور زیادتی کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔ موجودہ حکومت ہمیں انصاف نہیں دے گی۔بنارس آنے کے سوال پر انہوںنے کہا کہ ’’بنارس سنت روی داس مہاراج کی جائے پیدائش ہے۔کل ان کی جینتی ہے تو اس موقع پر پوری دنیا سے لوگ آتے ہیں۔میں بھی اسی سلسلے میں آیا ہوں۔ میں ہر بار آتا ہوں۔ میں درشن کرنے کے بعد اپنی پارٹی کے ساتھیوں اور اراکین سے ملاقات کروں گا اور ۲۰۲۲ء کے انتخابات کے تعلق سےبھی بات چیت کروںگا۔